پاک فوج کی ٹانک میں کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 20 فروری 2017
دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان عصمت اللہ شاہین گروپ سے تھا، آئی ایس پی آر، فوٹو؛ فائل

دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان عصمت اللہ شاہین گروپ سے تھا، آئی ایس پی آر، فوٹو؛ فائل

راولپنڈی: پاک فوج کی ٹانک میں کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ بارود بھی برآمد ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک کے علاقے پنگ ایریا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی اطلاعات پر آپریشن کیا گیا جس میں انتہائی مطلوب 4 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کےمطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان عصمت اللہ شاہین گروپ سے ہے جن میں کمانڈر وصی اللہ اور کمانڈر زولام الدین عرف ظلمت بھی شامل ہیں جب کہ کارروائی میں کمانڈر زمان عرف طوفان اور نائب کمانڈر عمر ولد عصمت اللہ شاہین بھی مارا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد انتہائی مطلوب تھے اوریہ گروپ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تھا جب کہ ہلاک دہشت  گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔