کراچی فائرنگ سے باپ بیٹی سمیت6 افراد ہلاک7زخمی

نالے سے بچے کی لاش ملی، باپ بیٹی عائشہ منزل کے قریب کار پر فائرنگ سے ہلاک ہوئے


Staff Reporter January 07, 2013
نالے سے بچے کی لاش ملی، باپ بیٹی عائشہ منزل کے قریب کار پر فائرنگ سے ہلاک ہوئے فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے باپ بیٹی سمیت6افراد ہلاک جبکہ لڑکی سمیت7افراد زخمی ہوگئے، سرسید تھانے کی حدود سے نالے سے3 سالہ بچے کی لاش ملی ۔

تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر3 میں موتی مسجد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کوقتل کردیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت26سالہ محب احمد ولد مقصودکے نام سے ہوئی ، مقتول مکان نمبر3/387 کا رہائشی تھا، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے2خالی خول ملے ہیں، لیاری ککری گرائونڈ سے جینزکی پینٹ اور لال رنگ ٹی شرٹ میں ملبوس25سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے وہیں فائرنگ کرکے قتل کیاگیا، پولیس نے فوری طور پر لاش ضابطے کی کارروائی کیلیے سول اسپتال پہنچائی۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئی ، پولیس نے بتایا کہ جائے واقعہ سے30 بور پستول کا ایک خالی خول ملا ہے جس کی مدد سے تفتیش شروع کردی گئی ہے ، سر سیدتھانے کی حدود میں مانوں میڈیکل اسٹور کے قریب گندے نالے سے3 سالہ نامعلوم بچے کی لاش ملی جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ، ایس پی نیو کراچی سلمان علی نے بتایا کہ بچے کے جسم پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات نہیں ہیں ، جیکسن تھانے کے علاقے سکندر آباد میں فائرنگ سے2 افراد سرور اور شاہد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

صدر کے علاقے جٹ لائن مبارک شہید روڈ پرفائرنگ سے رکشا میں سفر کرنے والا 35 سالہ رضوان ولد سراج الدین زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ، تین ہٹی کے قریب موٹر سائیکل چھینے کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر کے40 سالہ ادریس ولد عمر دین زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم پی آئی بی پولیس اور جمشیدکوارٹرز پولیس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کرتی رہی ، لانڈھی کے علاقے نیو مظفرآباد گیدڑ کالونی گلی نمبر2واقع گھر میں فائرنگ سے16سالہ لڑکی عرابیہ ولد محمد رفیق زخمی ہو گئی جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، لیاری کے علاقے بہارکالونی میں نامعلو م افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ راحیل ولد رحیم بخش زخمی ہو گیا جسے سول منقتل کیا گیا۔

12

شیر شاہ کے علاقے میں اکبر روڈ پر8 سالہ بچہ سر مد ولد مشتاق زخمی ہو گیا ۔سچل تھانے کی حدود گلستان جوہر بھٹائی آباد گلی نمبر14میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے26 سالہ نذیر احمد چانڈیو ولد جوڑیل چانڈیو زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے گلستان جوہر میں واقع نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ، پولیس کے مطابق واقع رقم کے لین دین کا تنازعہ ہے ، مقتول کے گھر والوں کے کہنا ہے کہ وہ نامزد ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرائیں گے جبکہ کلری کے علاقے ماڑی پور رود پر نامعلوم ملزمان کی فائرن سے سعید خان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلیے سول اسپتال پہنچایا گیا۔

جبکہ بلوچ کالونی کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان کی فائرنگ سے واحد گل اور اس کا بھائی بابر گل زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ۔ گلبرگ تھانے کی حدود شارع پاکستان عائشہ منزل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کار پر اندھا دھند فائرنگ سے35سالہ اصغر ولد الیاس اور اس کی ڈیڑھ سالہ بیٹی زینب ہلاک جبکہ ڈھائی سالہ بیٹی دعا زخمی ہو گئی ہلاک و زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا مقتول گلبہار خاموش کالونی میں ندی کے قریب حسن کالونی کا رہائشی تھا ، پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکراتے ہوئے بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی ہلاک ہونے والے اصغر کا تعلق اہل سنت و الجماعت سے بتایا جاتا ہے۔

جبکہ اہلسنت والجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ ان کے اطلاعات کے مطابق مقتول اصغر ایک عالم دین اور مسجد حسنین کے پیش امام تھے جبکہ ان کا اہلسنت و الجماعت سے بطور ہمدرد تعلق تھا یا اس کے رہنما تھے اس کے بارے میں اپنی جماعت کے لوگوں سے معلومات حاصل کر رہے ہیں،سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر50/E لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی تیسر ٹاؤں میں واقع مکان نمبر447 سے30 سالہ غلام عباس ولد منظور حسین کی لاش ملی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کے جسم پر کسی قسم کے تشدد یا چوٹ کا نشان موجود نہیں ہے تاہم گلے میں رسی کے پھندا کا نشان ہے جس کے باعث شبہ ہے کے مقتول کو گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا ، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ غلام عباس کے گھر والے پنجاب گئے ہوئے ہیں پولیس نے پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی ۔