غیرقانونی بچت بازاروں کو بند کیا جائے محمد حسین سید
مختلف مقامات پر لگے بچت بازاروں سے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ بچت بازاروں میں فروخت کیلیے رکھی جانے والی اشیا کی قیمتیں چیک کرنے کیلیے مربوط حکمت عملی تیار کررہی ہے۔
جس کے تحت شہریوںکو اشیائے صرف کی گرانی اور غیرمعیاری اشیا سے محفوظ رکھنے کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے، بچت بازاروں میں سیکیورٹی کے انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہری بلاخوف و خطر قانونی طور پر لگنے والے بچت بازاروں میں خریداری کرسکیں، یہ بات انھوں نے محکمہ ای اینڈ آئی پی کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران کہی ،اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر انٹرپرائز اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن فرحان درانی، ڈائریکٹر بچت بازار محمد فہیم خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
،اجلاس کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی نے محکمہ ای اینڈ آئی پی کو ہدایت کی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں قائم تمام غیرقانونی اور نادہندہ بچت بازاروںکو فوری طور پر بند کیا جائے، اس کے ذمے داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے جبکہ بچت بازاروں میں شہریوں کو کم قیمت پر معیاری اشیاء صرف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر لگنے والے بچت بازاروں سے متعلق متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں اور یہ بچت بازار شہریوں کو کم نرخ پر اشیاء فراہم نہیں کررہے اور نہ ہی قواعدوضوابط کی پابندی کی جارہی ہے۔