کراچی ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کیلیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل
گھرگھرتصدیق10 جنوری تا 8مارچ تک ہوگی،نئی حلقہ بندیوں کیخلاف مزید درخواستیں جمع
کراچی میں گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کیلیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، تین اضلاع میں فارمز و اسٹیشنری کی فراہمی کردی گئی ہے۔
جبکہ دیگر دو اضلاع میں منگل تک ڈیلیوری کردی جائے گی،نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کوانتخابی لسٹیں 9جنوری تک فراہم کردی جائیں گی،ان لسٹوں میں ان افراد کے بھی نام شامل ہونگے جو 15دسمبر تک 18برس کے ہوچکے ہیں جبکہ سیکشن 18 کے تحت نئے اندراج اورانتقال کے باعث حذف ہونے والے نام بھی شامل ہونگے ۔

ذرائع نے بتایا کہ ضلع وسطی اورملیر میں منگل کو تمام سامان کی سپلائی مکمل کردی جائے گی جبکہ ضلع شرقی، غربی اور جنوبی میں اسٹیشنری وغیرہ کی فراہمی مکمل کی جاچکی ہے، ان اضلاع میں عملے کی تربیتی نشستیں بھی آخری مراحل میں ہیں، ذرائع نے بتایا کہ ضلع شرقی میںووٹر لسٹوں کی تصدیق کے لیے مقرر ہونے والے عملے کی تعداد تقریباً 3600،ضلع غربی میں 3300،ضلع جنوبی میں 2500،ضلع ملیر میں ایک ہزار 800اور ضلع وسطی میں کے تین ہزار 500ہے۔
یاد رہے کہووٹر لسٹوں کی تصدیق کے کام 10جنوری کو شروع ہو گااور 8مارچ تک جاری رہے گا، دریں اثنا کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف الیکشن کمیشن کے دفترمیں مزید درخواستیں جمع کرانے کا سلسہ جاری ہے ۔پیر کوبھی ڈھائی سو سے زائد شہریوں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ذرائع کے مطابق شہریوں کی جانب سے ہفتہ واتوارکو بھی بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی گئیں۔