پی ایس ایل، بابر اعظم کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آگئیں

اسپورٹس رپورٹر  منگل 28 فروری 2017
حفیظ، عماد وسیم، برینڈن میک کولم کے بیٹ نہ چل سکے، مصباح اور سرفراز بھی ناکام، بولرز میں سہیل14شکارکرکے سرفہرست۔ فوٹو: فائل

حفیظ، عماد وسیم، برینڈن میک کولم کے بیٹ نہ چل سکے، مصباح اور سرفراز بھی ناکام، بولرز میں سہیل14شکارکرکے سرفہرست۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی ایس ایل کے لیگ مرحلے میں بابر اعظم کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں،ڈیوائن اسمتھ 266رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر، نوجوان بیٹسمین صرف ایک رن کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں، دیگر قومی کرکٹرز میں کامران اکمل کے سوا کسی کی کارکردگی میں تسلسل دیکھنے میں آیا ہے۔

پی ایس ایل کے لیگ مرحلے میں بیشتر سپر اسٹارز کی کارکردگی میں تسلسل دیکھنے میں نہیں آیا، مجموعی طور پر ڈیوائن اسمتھ 266 رنز کیساتھ  سرفہرست، بابر اعظم 265 رنز جوڑ کر دوسرے نمبر پر ہیں، رلی روسو 238، کامران اکمل 208، کیون پیٹرسن 201، سنگا کارا 183، فخر زمان 177، شعیب ملک 177، جیسن روئے 173، احمد شہزاد 170 رنز کے ہمراہ ٹاپ 10میں شامل ہیں، عمر اکمل 164، شین واٹسن 163، کیرن پولارڈ 149، اسد شفیق 147، مصباح الحق145، سرفراز احمد 144، شاہد آفریدی 143 اور بریڈ ہیڈن 139 کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔

سنگا کارا، فخر زمان، شعیب ملک اور عمر اکمل کبھی بہتر تو کبھی بہتر کارکردگی پیش کرتے نظر آئے، واٹسن کوئی ففٹی اسکور نہیں کر سکے، کیرن پولارڈ، مصباح اور سرفراز احمد ایک ایک فتح گر اننگز کھیل پائے جبکہ مجموعی طور پر ناکام ہی رہے، آفریدی ابتدائی ناکامیوں کے بعد آخری 2 میچز میں اپنی فارم بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے، رضوان سب سے بڑی اننگز46 کی کھیل پائے، کرس گیل مسلسل 6 میچز میں ناکامی کے بعد آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف 17 گیندوں پر 44 رنز جڑنے میں کامیاب رہے۔

میک کولم، روی بوپارا، تمیم اقبال، کیمرون ڈیلپورٹ، ڈیرن سیمی اور گرانٹ ایلوئیٹ کے بیٹ بھی نہ چل سکے، محمد حفیظ نے 7 میچز میں صرف 64 رنز بنائے، عماد وسیم 45اور صہیب مقصود 35 رنز بنا سکے، ایونٹ میں اس بار اب تک کوئی سنچری دیکھنے میں نہیں آئی جبکہ سب سے بڑی انفرادی اننگز پیٹرسن نے کھیلی، انھوں نے ناقابلِ شکست 88 رنز بنائے۔ بولرز میں سہیل خان 13.35 کی اوسط سے 14 شکار کرکے سرفہرست ہیں، محمد سمیع، سنیل نارائن، سہیل تنویر 10,10، یاسر شاہ، اسامہ میر، حسن علی 9، 9، رومان رئیس، شاداب خان، واٹسن 8،8، محمود اللہ، وہاب ، حسان خان، محمد عرفان اور محمد عرفان جونیئر 7,7 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

گزشتہ سال پی ایس ایل کی دریافت قرار دیے جانے والے محمد نواز 6 شکار کرسکے، محمد عامر بھی مجموعی طور پر متاثر کن کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے، پیسر نے 38.33 کی اوسط سے 6 وکٹیں حاصل کی ہیں، عماد وسیم 30.20 کی ایوریج سے 5 شکار کر پائے۔

واضح رہے کہ ذوالفقار بابر، انور علی، جنید خان، شاہد آفریدی اور بلاول بھٹی غیرمعمولی کارکردگی پیش نہ کر سکے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔