گلستان جوہر 2مسلح گروپوں میں تصادم دکانیں بند 7ملزمان گرفتار

ملزمان میں رابعہ سٹی اپارٹمنٹ کی چھت پر مورچہ بند فائرنگ کا تبادلہ ، علاقے میںٹریفک معطل ہوگیا.


Staff Reporter January 09, 2013
گلستان جوہر:رابعہ سٹی میںسیاسی جماعت کے دو گروپوں میں تصادم کے بعد رینجرز کے اہلکار الرٹ کھڑے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: پولیس اور رینجرز نے رابعہ سٹی میں 2گروپوںکے درمیان مسلح تصادم کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 7 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اورگولیاں برآمد کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے رابعہ سٹی اپارٹمنٹ میں سیاسی جماعت کے 2 دھڑوں کے درمیان اچانک فائرنگ کا شروع ہوگیا، جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ دکانیں اورکاروبار بند ہو گیا، فائرنگ اتنی شدید تھی کہ پورا علاقہ گولیوں کی آوازوں سے گونج اٹھا اور علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، شدید فائرنگ کے باعث گلستان جوہر میں ٹریفک بھی معطل ہو گیا، دونوں گروپوں کے درمیان تقریباً 3 گھنٹے سے زائد وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

اس دوران مسلح گروپوں کے کارندوں نے رابعہ سٹی کی چھت پر مورچہ بند ہو کر بھی ایک دوسرے پر فائرنگ کی ، جس وقت دونوں گروپوں میں مسلح تصادم جاری تھا اس وقت صرف چند پولیس اہلکار متاثرہ علاقے میں موجود تھے جو علاقہ مکینوں کو رابعہ سٹی کی جانب جانے سے روکتے رہے، جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری رابعہ سٹی پہنچ گئی اور رابعہ سٹی کا محاصرہ کرنے کے بعد بکتر بندگاڑیوںکے ذریعے رابعہ سٹی اپارٹمنٹ میں داخل ہو گئی اور سرچ آپریشن کیا۔

01

ڈویژنل ایس پی شاہ فیصل ٹائون زاہد حسین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رابعہ سٹی میں سیاسی جماعت کے دو دھڑوں میںتصادم ہوا ہے،انھوں نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز نے رابعہ سٹی کا محاصرہ کرنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 7 افراد کو گرفتار کے مختلف اقسام کا اسلحہ اور گولیاں برآمدکرلی ہیں،انھوں نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے ۔