ملیرمیں کے ای ایس سی کے تانبے کے تار چوری بجلی معطل

تار چوروں نے کنڈکٹر وائرکلہاڑی سے کاٹا،18کھمبوں کو نقصان پہنچا.


Staff Reporter January 09, 2013
گڈاپ گرڈ اسٹیشن متاثر،بجلی کی بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں،کے ای ایس سی. فوٹو: فائل

تار چوروں نے ملیر میں کے ای ایس سی کے لاکھوں روپے مالیت کے تانبے کے تارکاٹ کر چوری کرلیے۔

واردات علی الصباح ملیر گڈاپ ایکسٹرا ہائی ٹینشن ٹرانسمیشن سرکٹ میں کی گئی جب نامعلوم افراد نے تقریبًا 40 میٹر قیمتی کاپر کنڈکٹر(تانبے کا تار) چوری کر لیا اور کئی کھمبوں کو نقصان پہنچایا، کے ای ایس سی کے عملے نے نیٹ ورک کی جلد از جلد بحالی کیلیے کام شروع کردیا ہے، کے ای ایس سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ واردات میں تخریب کاری کی شدت اور حساس نوعیت کی بناء پر بجلی کی مکمل بحالی میں ممکنہ طور پر تین دن لگ جائیں گے ،تار چور کنڈکٹر وائر کلہاڑی سے کاٹ کر لے گئے۔

02کے ای ایس سی کے عملے نے بھاری تاروں کو گھسیٹے جانے کے نشانات کا پیچھا کر کے قریبی تالاب میں سے تاروں کا کچھ حصہ تلاش کر لیا، اس واردات میں 9 مختلف مقامات پر 18کھمبوں کو نقصان پہنچا اور 66 کلو واٹ والا ملیر گڈاپ ایکسٹرا ہائی ٹینشن ٹرانسمیشن سرکٹ ٹرپ ہو گیا جس سے گڈاپ گرڈ اسٹیشن متاثر ہوا،نامعلوم چوروں نے 7 جنوری کو بھی سائٹ ایریا میں واقع دادا سوپ کے سب اسٹیشن سے قیمتی آلات بشمول 2 عدد بیس گرِپس، 3 ایل ٹی بس بارز، ایل ٹی پینل پر ایک لگ ، ایک کلیمپ اور فٹنگ چرا لی تھی ۔