جنوبی افریقہ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے کمر کس لی

کیویز سے سیریز جیتنے پر حوصلے بلند ہیں، دسمبر تک ٹیسٹ نہیں کھیلوں گا، ڈی ویلیئرز


Sports Desk March 05, 2017
پروٹیز کی ون ڈے انٹرنیشنل میں حالیہ پرفارمنس تو شاندار ہے لیکن ان کا اصل امتحان چیمپئنز ٹرافی میں ہوگا۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ نے رواں برس انگلینڈ میں شیڈول چیمپئز ٹرافی کیلیے کمر کس لی۔

پروٹیز کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم آئندہ ہونے والی چیمپئنزٹرافی کے لیے تیار ہے، ان خیالات کا اظہارانھوں نے سیریزکے پانچویں ون ڈے میں بلیک کیپس کو 6 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد کیا، ان کا کہنا تھا کہ پانچویں ون ڈے میچ میں پروٹیز نے یہ ثابت کردکھایا کہ وہ ہر قسم کے دباؤ میں بھی مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کیویز سے 3-2 سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔

پروٹیز کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد کہا جارہا تھا کہ پروٹیز پریشر میں نہیں کھیل سکتے، لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے فائنل میچ میں انھیں شکست دیکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، پروٹیز نے 2015 ورلڈ کپ کے بعد اب تک 9 او ڈی آئی سیریز اپنے نام کی ہیں، جن میں آسٹریلیا اور سری لنکا کو پانچ پانچ ون ڈے پر مشتمل وائٹ واش سیریز بھی شامل ہیں۔

مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ موجودہ پرفارمنس کے بعد میری نظریں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہیں اور ہمارا اصل امتحان بھی چیمپئنز ٹرافی میں ہوگا، میرا دل کہتا ہے کہ ہم اس ایونٹ میں ضرور سرخرو ہوں گے۔

پروٹیز کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کا خیال ہے کہ میں فی الحال ٹیسٹ کرکٹ سے دور رہوں، کم از کم حالیہ دسمبر تک میں ٹیسٹ نہیں کھیل سکوں گا، اس دوران کیویز سے3 ٹیسٹ میچز کی سیریز، انگلینڈ میں4 ٹیسٹ، ستمبر اکتوبر میں ہوم سیریز میں بنگلہ دیش سے 2 ٹیسٹ میچز میں وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ٹیم منیجمنٹ کا کہنا کہ ہماری نظریں ورلڈکپ 2019 پر ہیں اور ہم چاہتے ہیں حالیہ انجری سے نجات پانے کے بعد ڈویلیئرز پر زیادہ پریشر نہیں ہونا چاہیے تاکہ وہ ورلڈ کپ تک فٹنس مسائل سے دوچار نہ ہوں۔ پروٹیز کی ون ڈے انٹرنیشنل میں حالیہ پرفارمنس تو شاندار ہے لیکن ان کا اصل امتحان چیمپئنز ٹرافی میں ہوگا، ایونٹ رواں برس یکم سے 18 جون تک انگلینڈ کے مختلف شہروں میں شیڈول ہے۔

مقبول خبریں