حصص مارکیٹ میں ریکوری کا عمل جاری مزید 96 پوائنٹس کا اضافہ

غیرملکیوں کی 51.8 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری، انڈیکس 16742 پوائنٹس پر بند، مارکیٹ سرمائے میں20.7 ارب کااضافہ۔


Business Reporter January 10, 2013
حصص کی مالیت میں مزید 20 ارب 69 کروڑ 89 لاکھ 38 ہزار851 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ فوٹو : پی پی آئی / فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی16700 کی حد بھی بحال ہوگئی۔

51.72 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید20 ارب 69 کروڑ 89 لاکھ38 ہزار851 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے مثبت توقعات نے حصص کی تجارت میں قادری لانگ مارچ کے منفی اثرات زائل کردیے کیونکہ سرمایہ کاروں کو اس بات کی بھی توقع ہے کہ اعلان کردہ لانگ مارچ کا عمل بخیروخوبی ہوجائے گا جس کی وجہ سے انھوں نے سیاسی عوامل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حصص کی خریداری کی جو مارکیٹ میں تیزی کے تسلسل قائم رکھنے میں مددگار ثابت ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر66 لاکھ47 ہزار680 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ غیرملکیوں کی جانب سے51 لاکھ76 ہزار788 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے12 لاکھ32 ہزار587 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے2 لاکھ38 ہزار305 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔



تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس96.46 پوائنٹس کے اضافے سے16742.22 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 94.89 پوائنٹس کے اضافے سے13696.41 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 190.93 پوائنٹس کے اضافے سے28906.15 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 4.84 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر9 کروڑ9 لاکھ90 ہزار80 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار319 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں165 کے بھائو میں اضافہ، 128 کے داموں میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔