حکومت کا 2 روز کیلیے پاک افغان طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  پير 6 مارچ 2017
بارڈر صرف پاکستانی ویزہ رکھنے والے افغانیوں کیلیے 7 اور 8 مارچ کو کھولا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ، فوٹو؛ فائل

بارڈر صرف پاکستانی ویزہ رکھنے والے افغانیوں کیلیے 7 اور 8 مارچ کو کھولا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: حکومت نے پاکستانی ویزہ رکھنے والے افغانیوں کے لیے طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ کرلیا جو صرف 2 روز کے لیے کھولا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے پاکستانی ویزا رکھنے والے افغانیوں کے لیے طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جو صرف 2 روز کے لیے کھولا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق بارڈر7  اور 8 مارچ کو کھولا جائے گا جب کہ بارڈر کھولنے کے اسی فیصلے کے تحت 2 روز میں ویزے پر افغانستان جانے والے پاکستانی بھی واپس آسکیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے فیصلے سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان سفیر کو آگاہ کردیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان نے پاک افغان بارڈر بند کردیا

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ افغانستان کے ساتھ جب تک بارڈر مینجمنٹ نہیں ہوتی معاملات ایسے ہی چلتے رہیں گے، ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ افغان بارڈر پر 16 ایکٹو کراسنگ پوائنٹ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور افغان معاملہ قومی ہے اسے سیاسی نہ بنایا جائے، سرحد بند کرنا ہمارا حق ہے، ہم اپنے مفادات کے لیے ہر اقدام اٹھائیں گے، دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والوں کے لیے ہماری سرزمین استعمال نہیں ہوگی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حلقوں کی سیاست کو قومی سایست پر ترجیح نہ دی جائے، افغان سرحد پر ہمارے بچوں کے قاتل بیٹھے ہیں، ہم نے 35 لاکھ افغانیوں کو پناہ دی اب بھی 20 لاکھ موجود ہیں، یہ خطے کا مسئلہ ہے ہم نے ہی حل کرنا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: افغانستان سے دہشت گردوں کے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے

واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد طورخم بارڈر کو بند کیا گیا جس پر افغان حکومت کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ روز افغان سرحد سے پاک فوج کے اہلکاروں پر حملہ کیا گیا جس میں 5 اہلکار شہید ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔