انسداد خسرہ مہم فرائض سے غفلت برتنے پر 3ہیلتھ افسر معطل

مرض کو پھیلنے سے روکنے کیلیے صوبے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی, صوبائی وزیرڈاکٹرصغیر.


Staff Reporter January 10, 2013
رواں ماہ ایک لاکھ 19ہزاربچوںکوخسرہ کے حفاظتی ٹیکے لگا ئے گئے،ویکسین کی عدم فراہمی کی شکایت پرٹائون ہیلتھ آفیسر کو معطل کردیا جائے گا،اجلاس سے خطاب. فوٹو: فائل

انسداد خسرہ مہم کے دوران فرائض سے غفلت برتنے پر 3ہیلتھ افسر معطل کردیا گیا۔

ادھر صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ خسرہ کی حفاظتی ویکسین کا اسٹاک مل گیا ہے اور مرض کو پھیلنے سے روکنے کیلیے صوبے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے، رواں ماہ ایک لاکھ 19ہزار بچوںکوخسرہ کے حفاظتی ٹیکے لگا ئے گئے ہیں، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ویکسین کی عدم فراہمی کی شکایت پرٹائون ہیلتھ آفیسر کو معطل کردیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیراحمد نے کراچی کے3 ٹائون ہیلتھ افسران کو معطل کردیا، ان پر فرائض سے غفلت برتنے اورغیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کا الزام ہے، تینوں ٹاؤنز ہیلتھ افسران کی معطلی کے احکامات بدھ کو سیکریٹریٹ میں انسداد خسرہ مہم کے حوالے سے منعقدہ غیرمعمولی اجلاس میں کیاگیا جس میں تینوں افسران نے شرکت بھی نہیںکی۔

ان افسران میں بلدیہ ٹاؤن کے ڈاکٹر عارف نیاز ،ملیرٹاؤن کے ڈاکٹر ارشاد اور کیماڑی ٹاؤن کی ڈاکٹر بیگم اشرف الزماں صدیقی شامل ہیں، وزیر صحت ڈاکٹر صغیراحمد نے ایکسپریس کوبتایا کہ اس وقت کراچی سمیت اندرون سندھ میں خسرہ کی وبا نے سر اٹھالیا ہے اور صوبے کے تمام اسپتالوں اور صحت کے بنیادی مراکز میں ایمرجنسی نافذکردی ہے اور ایسی صورتحال میں کسی بھی افسر وعملے کی جانب سے غیر ذمے داری اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

02

انھوں نے بتایا کہ خسرہ کی حفاظتی ویکسین کا اسٹاک مل گیا ہے جو ای پی آئی سینٹر میں پہنچادیاگیا ہے ،انھوں نے بتایا کہ خسرہ سے ہونے والی اموات پر قابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ،دریں اثنا صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے سیکریٹری صحت کے دفتر میں ٹائون ہیلتھ افسران کے اجلاس کی صدارت کی ،اجلاس کے شرکا سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ کراچی کے تمام ٹائونز میں خسرہ سے بچائو کی ویکسین اور سرنجزکی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

03

کراچی بھر میں2.13 ملین بچوںکوخسرہ سے بچائوکیلیے ویکسی نیشن فراہم کی جائیگی جبکہ رواں ماہ اب تک ایک لاکھ 19ہزاربچوںکوخسرہ سے بچائوکے ٹیکے لگائے گئے ہیں،خصوصاً دسمبر 2012 اور جنوری 2013 میں اب تک جن علاقوں میں خسرہ کے کیسز سامنے آئے ہیں ،ان علاقوں میں خصوصی مہم کے تحت بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگائے جارہے ہیں، اگر کسی بھی متاثرہ علاقے میں بچوں کو ویکسین کی عدم فراہمی کی شکایت سامنے آئی تو اس علاقے کے ٹائون ہیلتھ آفیسر کو فوری طور پر معطل کردیا جائے گا، اس کے علاوہ تمام سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو بھی پابند کیا جارہا ہے کہ وہ خسرہ کے مریضوں کے مکمل کوائف روزانہ کی بنیاد پر سیکریٹری صحت اور منسٹر آفس میںجمع کرائیں۔