کے آئی سی ٹی میں سیکڑوں کنٹینرز کی کلیئرنس التوا کا شکار

8 روز سے برآمدات متاثر، آرڈرز منسوخ ہونے کا خدشہ، ایکسپورٹرز پر اضافی بوجھ پڑ گیا۔


Ehtisham Mufti January 12, 2013
کے آئی سی ٹی انتظامیہ فی برآمدی کنٹینر کی ہینڈلنگ چارجز کی مد میں13000 روپے سے زائد کی وصولیاں کررہی ہے۔ فوٹو: پی پی آئی

کراچی انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل (کے آئی سی ٹی) میں مطلوبہ استعداد نہ ہونے کی وجہ سے گرائونڈنگ میں تاخیر کے باعث200 سے زائد برآمدی کنٹینرزکسٹمزایگزامنیشن کے منتظر ہیں جبکہ 1200 درآمدی کنٹینرزکی کلیئرنس التوا کا شکار ہوگئی ہے۔

متاثرہ برآمدکنندگان نے''ایکسپریس'' کو بتایا کہ گزشتہ 8 روز سے کے آئی سی ٹی کے ذریعے برآمدی کنٹینرز کی ترسیل بری طرح متاثر ہے جسکی وجہ سے غیرملکی خریداروں کے آرڈرز منسوخ ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، کے آئی سی ٹی انتظامیہ فی برآمدی کنٹینر کی ہینڈلنگ چارجز کی مد میں13000 روپے سے زائد کی وصولیاں کررہی ہے لیکن بھاری چارجز وصول کرنے کے باوجود برآمد کنندگان کو مطلوبہ نوعیت کی خدمات فراہم نہیں کی جارہیں۔

جس سے برآمدکنندگان اپنے غیرملکی خریداروں کو طے شدہ مدت تک کنسائنمنٹ کی ترسیل میں ناکام ہوگئے ہیں اور ٹرمینل کی جانب سے ہینڈلنگ میں تاخیرکے سبب بحری جہاز بھی برآمدی کنسائنمنٹس لادے بغیر روانہ ہورہے ہیں۔ اس ضمن میں کراچی کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل یحیٰ محمد نے بتایا کہ کے آئی سی ٹی میں گزشتہ 4ماہ سے گرائونڈنگ اور کلیئرنس کے سنگین مسائل کے باعث ٹریڈ سیکٹر کا اضطراب بڑھ گیا ہے۔



نجی ٹرمینل کی جانب سے بھاری چارجز وصول ہونے کے باوجود اگر بروقت اور مطلوبہ خدمات ٹریڈ سیکٹر کو میسر نہیں ہوتیں تو اس سے ملکی برآمدات کو سنگین خطرات لاحق ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ درآمدی کنٹینرز کی گرائونڈنگ، ایگزامنیشن اور کلیئرنس میں تاخیر کے باعث متعلقہ درآمدکنندہ پر فی کنٹینر3000 روپے صرف ڈیمرج اور ڈیٹینشن چارجز کی صورت میں اضافی اخراجات کا بوجھ پڑگیا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ وزارت تجارت اور چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم کے آئی سی ٹی کے معاملات کو درست کرنے کے لیے فی الفور مداخلت کریں،نجی کنٹینرٹرمینلز کیلیے باقاعدہ رہنما اصول متعارف کرائے جائیں، مانیٹرنگ کیلیے نجی شعبے کے اشتراک سے بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائے اور ٹرمینلز کو مقامی ضروریات کے مطابق اپنی ہینڈلنگ استعداد بڑھانے کی سخت ہدایات جاری کی جائیں۔

مقبول خبریں