دہشت گردوں نے حکومت کی رٹ ختم کر دی ہے مقررین

کراچی،کوئٹہ اور سوات میں شہریوں کے قتل کیخلاف یوم احتجاج، مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد۔


Staff Reporter January 12, 2013
کراچی،کوئٹہ اور سوات میں شہریوں کے قتل کیخلاف یوم احتجاج، مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد. فوٹو: رائٹرز

KARACHI: مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل اور جعفریہ الائنس نے کراچی، کوئٹہ اور سوات میں بے گناہوں کے قتل عام کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پربعد نماز جمعہ محفل شاہ خراساں، گلستان جوہر، ملیر جعفر طیار، جامع مسجد نورایمان ناظم آباد میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے مرکزی احتجاجی ریلی خراسان سے نکالی گئی جو کہ امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ اختتام ہوئی اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں علامہ صادق ر ضاتقوی مولانا محمد حسین کریمی،آغا مبشر حسن ۔آصف صفوی، اصغر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں اور امریکی و اسرائیلی گماشتوں کی عملاً حکمرانی قائم ہو چکی ہے۔

02

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر کراچی، کوئٹہ اور سوات میں بے گناہوں کے قتل عام کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا، شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کے تحت کورنگی، پہلوان گوٹھ اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا جعفرسبحانی، مولانا رضی حیدر، علامہ کامران حیدر عابدی ، مولانا اکبر علی و دیگر نے کہا کہ،دہشت گردوں نے حکومت اور ریاستی اداروں کی رٹ ختم کرکے رکھ دی ہے،جعفریہ الائنس کے تحت سولجربازار میں احتجاجی اجتماع منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے عباس کمیلی، حسین مسعودی، علامہ باقر زیدی و دیگر نے کوئٹہ عملدار روڈ اور باچا خان چوک پر ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ۔