پاک جاپان دوستی کی سالگرہ پر جاپان فیسٹیول کا انعقاد کیا جائیگا

فیسٹیول کے انعقاد میں ہرممکن تعاون اورمددفراہم کی جائیگی،ایڈمنسٹریٹرمحمد حسین سید۔


Staff Reporter January 12, 2013
فیسٹیول کے انعقاد میں ہرممکن تعاون اورمددفراہم کی جائیگی،ایڈمنسٹریٹرمحمد حسین سید۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ کراچی میں پاک جاپان دوستی کی 61ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والے جاپان فیسٹیول کی بھر پور طریقے سے معاونت کی جائے گی۔

یہ بات انھوں نے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ کی تا حیات چیئرپرسن فاطمہ ثریا بجیا اور جنرل سیکریٹری عظمت اتاکا کی قیادت میں ملاقات کیلیے آنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کہا کہ کراچی میں جاپان فیسٹیول2013ء کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی گذشتہ سال کی طرح اس بار بھی اس فیسٹیول کی مشترکہ آرگنائزر ہوگی۔

03

ملاقات کے دوران پاکستان جاپان کلچر ایسوسی ایشن کی تاحیات چیئرپرسن فاطمہ ثریا بجیا نے بتایا کہ پاکستان اور جاپان کی دوستی کی سالگرہ کے موقع پر سال گذشتہ کی طرح اس سال بھی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے جاپان فیسٹیول منعقد کیا جارہا ہے،انھوں نے کہا کہ پاک جاپان دوستی کی 60ویں سالگرہ کے موقع پرگذشتہ سال بھی مختلف جاپانی تنظیموں اورکراچی میں جاپانی قونصل خانے کی طرف سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے بھرپور تعاون کی بدولت 10 اور 11 مارچ 2012ء کو جا پان فیسٹیول منعقد کیا گیا تھا۔