چڑیا گھر میں سانپوں کی نمائش کا آغازشہریوں کا رش

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت نایاب اقسام کی مچھلیوں اور بچھوئوںکی نمائش بھی ہوگی.


Staff Reporter January 13, 2013
چڑیا گھر میں منعقدہ ’’سانپ شو‘‘کے موقع پر خاتون نے سانپ کو گلے میں ڈالا ہوا ہے،شو دیکھنے کے لیے شہریوں کا رش لگا رہا۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت چڑیا گھر میں مختلف اقسام اور نسلوں کے سانپوں کی 2 روزہ نمائش کا ہفتے کے روز ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سیدنے افتتاح کیا۔

اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کھیل و ثقافت محمد ریحان خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ شہریوں کی کثیر تعداد خصوصاً بچوں اور خواتین نے نمائش میں گہری دلچسپی لی اور لوگ فیملی کے ہمراہ شام گئے تک چڑیا گھر آتے رہے، میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی میں پہلی بار اس منفرد نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان میں کون کون سی نسل اور اقسام کے سانپ پائے جاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں خصوصاً بچوں اورطلبہ و طالبات کو اس نمائش کے ذریعے سانپوں کی اقسام، نفسیات، غذا، نسل اور ان میں پائے جانے والے زہر سے متعلق معلومات بھی میسر آئیں گی، 50سے زائد اقسام کے سانپ اس نمائش میں موجود ہیں جنھیں ایک ساتھ کہیں اور نہیں دیکھا جا سکتا، جلد ہی نایاب اقسام کی مچھلیوں اور بچھوئوں وغیرہ کی نمائش بھی کی جائے گی تاکہ شہریوں کو تفریح کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں۔

انھوں نے بتایاکہ چڑیا گھر میں حال ہی میں چار ہرن کی ہلاکت کی وجوہات معلوم کرنے کیلیے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے جبکہ ان کے معدے ، گردے اور جسم کے مختلف حصے لیبارٹری ٹیسٹ کیلیے بھیج دیے گئے ہیں، رپورٹ آنے پر تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، انھوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت کو روکنے کیلیے حفاظتی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں اور شہر کے نامور ڈاکٹروں کی مشاورت سے حال ہی میں بیمار ہونے والے جانوروں کا علاج کیا جارہا ہے۔

05

انھوں نے کہا کہ چڑیا گھرمیں جلد ہی زرافہ ، گینڈااور دریائی گھوڑے کااضافہ کیا جارہاہے جبکہ مختلف اور نایاب اقسام کے خوبصورت پرندے بھی بڑی تعداد میںلائے جارہے ہیں تاکہ یہاں کی رونقوں میں مزید اضافہ ہو،انھوں نے کہاکہ پاکستان میںنایاب نسل کا سفید شیر صرف کراچی چڑیا گھر میں موجود ہے جبکہ بنگال ٹائیگر اور پوماکی جوڑی کی آمد کے بعد شہریوں کی دلچسپی میں بے حد اضافہ ہواہے اور پاکستان بھر سے لوگ یہ جانور دیکھنے کے لیے چڑیا گھر آتے ہیں، انھوںنے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تفریحی سرگرموں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ اس گھٹن زدہ ماحول میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تفریح کے مواقع میسر آئیں۔