صفائی کیلیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے ٹائون ایڈمنسٹریٹرز

ہرفردانفرادی طورپرشجرکاری مہم کوکامیاب بنائے،محمد رئیسی،ساحل پرکچرا پھینکنےسےسمندری آلودگی بڑھ رہی ہے،عاصم علی خان.


Staff Reporter January 13, 2013
12 ربیع الاول پر جلوس کے راستوں کی خصوصی صفائی کی جائے، نادر وسان،افسران اور عملہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں،عمران اسلم۔ فوٹو: فائل

لیاقت آباد ٹاؤن میں صفائی کے امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادے کے لیے کام جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر لیاقت آباد ٹائون سید محمد طحہٰ نے لیاقت آباد یوسی نمبر 5 قا سم آباد میں صفائی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، انھوں نے اندرونی گلیوں اور ندی نالوں کے اطراف صفائی کے امور بہتر انداز میں انجام دینے کی ہدایت کی، انھیں بتایا گیا کہ وہ مقامات جہاں مشینری کے ذریعے صفائی ممکن نہیں وہاں لیبر کے ذریعے کوڑا کرکٹ اٹھایا جارہا ہے اور چونے کے چھڑکائو کے ساتھ ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔

بلدیہ ٹائون کے ایڈمنسٹریٹر محمد ظفر خان نے بلدیہ ٹائون کی یونین کونسل نمبر5 سعیدآباد میں مختلف سڑکوں اور گلیوں میں صفائی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے افسران کے ہمراہ اچانک دورہ کیا،اس موقع پرانھوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سڑکوں اورگلیوں کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر انجام دی جائے اور کچرے سے محلوں و گلیوں کو پاک کیا جائے اور خصوصا چونے کا چھڑکائو بھی کیا جائے، انھوں نے موقع پر موجود افسران سے کہا کہ ہم سب کو مل کر مشترکہ جدوجہدکرنی ہوگی تاکہ بلدیہ ٹائون کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آسکیں،محمد ظفر خان نے کہا کہ صفائی پر مامور عملہ بالخصوص سب انسپکٹر اور انسپکٹر ہیلتھ پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریںاور مربوط حکمت عملی کے ساتھ صفائی ستھرائی کے عمل کو مکمل کیا جائے۔

انھوں نے خبردار کیا کہ فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اس موقع پر ٹائون افسران محمد وقار صدیقی ،غلام سبطین ، مرزا آصف بیگ، وسیم صدیقی ، ڈاکٹر راشد مرزا ودیگر بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر لیاری ٹائون محمد رئیسی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں سبزہ سب سے زیادہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے آج دنیا میں سب سے اہم موضوع ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ بن چکا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے بیوٹی فکیشن مہم کے تحت مہراب خان عیسیٰ خان روڈ اور بختاور پارک میں پودے لگاتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر شجرکاری مہم میں حصہ لینا چاہیے اور ہر فرد اپنی اپنی سطح پر اپنی گیلری، صحن میں پورے لگائے تاکہ سبزہ اور شجرکاری مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔

08

چیف آفیسر صدرٹائون عاصم علی خان نے کہا ہے کہ ساحل سمندر پر آلودگی کے باعث ساحلوں کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے ساحل سمندرپر عمارتی ملبہ ودیگر کچرا پھینکنے کے باعث سمندری آلودگی اور عوام میں صحت کے حوالے سے خطرات میں اضافہ ہورہا ہے ان خیالات کااظہار انھوں نے کلفٹن کے ساحل پر ٹائون انتظامیہ کی جانب سے عمارتی ملبہ و کچرے کو اٹھانے کے جاری کام کی نگرانی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، چیف آفیسرعاصم علی خان نے کہاکہ کراچی کے ساحلوں پرغیرملکی سیاحوں کی بھی آمد ہوتی ہے یہاں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات سے ہم دنیا میںاپنے ذمے دارنہ تشخص کی بحالی میں اہم کرداراداکرسکتے ہیںہمارا دین بھی ہمیں صفائی کی تلقین کرتاہے بلکہ دین اسلام میں صفائی کو نصف ایمان سے تعبیرکیاگیاہے۔

چیف آفیسرعاصم علی خان نے کہاکہ ساحل سمندرپر آلودگی وگندگی اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ساحلوں کی خوبصورتی متاثرہورہی ہے جس کے سدباب کیلیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ہر فرد اور ادارے کو اپنا بھرپورکرداراداکرنا ہوگا تاکہ ساحل پر سیروتفریح کیلیے آنے والوں کو ایک پرفضا اور صحت مندانہ ماحول فراہم کیاجاسکے،سائٹ ٹائون کے ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے کہا ہے کہ ٹائون کی حدودمیں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلیے افسران اور عملہ اپنی کارکرگی کو بہتر کریں کچرااٹھانے اور جراثیم کش ادویات کے باقاعدہ استعمال کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل 3 میں مین شاہراہوں، گلیوں، محلوں اورندی نالوں کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ نکاسی آب کی روانی کو بہتر بنانے کیلیے ندی نالوں کی صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلیے افسران اور عملہ بھرپور توجہ دیں تاکہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آسکے، انھوں نے کہا کہ ندی نالوں کی صفائی کے دوران جہاں ہلکی و بھاری مشینری کا استعمال ممکن نہ ہو وہاں افرادی قوت سے کام لیا جائے، انھوں نے افسران و عملہ کو تاکید کی کہ صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اگر کوئی شخص لاپرواہی کا مرتکب ہوا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی

ایڈمنسٹریٹر بن قاسم ٹائون نادر علی وسان نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ افسران اپنے علاقوں میں مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے ،علمائے کرام ومعززین علاقے سے مستقل رابطے میں رہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے بارہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ٹی او انفرا طارق مغل اہم محکموں کے افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں بارہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی غور خوص کیا گیا ایڈمنسٹر یٹر نے اس موقع پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول میں مساجد اور جلوس کے راستوں کو خصوصی طور پر صاف کیا جائے اور اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب ومرمت کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے امن وامان کے حوالے سے پولیس اور رینجرز سے ٹائون انتظامیہ مکمل رابطہ قائم رکھیں،انھوں نے کہا کہ ربیع الاول کے حوالے سے ٹائون میں ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا گیا ہے جن پر شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔