کوئٹہ دھماکابلوچستان حکومت کی نا اہلی ہے امتیاز شیخ

ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی ظاہر کرتی ہے حکومت امن وامان کیلیے سنجیدہ نہیں.


Staff Reporter January 13, 2013
جمہوری وطن پارٹی سندھ کے صدراقرارعلی جکھرانی مسلم لیگ فنکشنل میں شامل۔ فوٹو : فائل

RAWALPINDI: پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بم دھماکوں کے بعد ورثا کا لاشوں سمیت شدید سردی میں دھرنا ، حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ورثا کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے، ملک بھر خصوصاً کوئٹہ اور کراچی میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اس بات کو ظاہر کر رہی ہے کہ حکومت کوئٹہ اور کراچی میں امن و امان بحال کرنے کے لیے سنجیدہ نہیں ہے، مسلم لیگ فنکشنل بلوچستان کی عوام کے ساتھ ہے ، جلدکوئٹہ میں متاثرین سے ملاقات کیلیے دورہ کریں گے،وہ اپنی رہائش گاہ پر کندھ کوٹ کشمورسے تعلق رکھنے والے جمہوری وطن پارٹی سندھ کے صدر ڈاکٹر اقرار علی جکھرانی، پسو مل نیوارو، منصب علی جکھرانی و دیگر سے ملاقات کر رہے تھے۔



اس موقع پر ڈاکٹر اقرار علی جکھرانی نے پیر صاحب پگارا کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا اعلان کیا، امتیاز شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سندھ ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی عوام نے جتنی لاشیں اٹھائی ہیں اس سے پہلے نہیں اٹھائیں، کوئٹہ میں بم دھماکوں کے بعد لوگ امن و امان کیلیے فوج بلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ان حالات میں بیرونی دوروں میں مصروف ہیں،گورنر بلوچستان نے حکومت کی نا اہلی کو تسلیم کر لیا ہے، ملک میں امن وامان کی صورتحال دیکھتے ہوئے مسلم لیگ فنکشنل مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر نگران حکومت بنا کر انتخابات کرائے جائیں۔