اصلاحات کی بات کرنیوالے پہلے جمہوری عمل میں شامل ہوں صدر زرداری

آئین میں تبدیلی پارلیمنٹ سے ہی ممکن ہے،کسی کی ذاتی خواہش پرقانون سازی نہیں ہوگی


Staff Reporter January 13, 2013
آئین میں تبدیلی پارلیمنٹ سے ہی ممکن ہے،کسی کی ذاتی خواہش پرقانون سازی نہیں ہوگی۔ فوٹو: فائل

صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ جمہوریت کے خلاف کسی بھی سازش کواتحادی جماعتوں،سیاسی قوتوں اورعوام کے ساتھ مل کرناکام بنا دیں گے۔

نظام میں تبدیلی کی بات کرنیوالے پہلے خودجمہوری عمل میں شامل ہوں اورپھر اصلاحات کی بات کریں،ملک میں جمہوری تسلسل کی مضبوطی کیلیے آئندہ انتخابات مقررہ وقت پرہی منعقدہونگے ، انتخابات عوام کی امانت ہیں اور تبدیلی صرف عوام کے ووٹوں سے ہی آسکتی ہے۔صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس میں سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمایوسف رضاگیلانی سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ آئین میں تبدیلی پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے ،کسی کی ذاتی خواہش پر حکومت قانون سازی نہیں کرے گی۔

04

صدر نے کہا کہ احتجاج کرنا تمام سیاسی قوتوں کا حق ہے لیکن قانون کی خلاف ورزی کی اجازت ہرگز کسی کو نہیں دی جائے گی اور جمہوریت کے خلاف سازش کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔چوہدری شجاعت حیسن نے صدرکوطاہر القادری سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔