آپریشن ردالفساد سےدہشت گردی کا سرہمیشہ کے لئے کچل دیا جائے گا، صدر ممنون حسین

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مارچ 2017
علاقائی سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا بہت ضروری ہے، صدر مملکت: فوٹو: فائل

علاقائی سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا بہت ضروری ہے، صدر مملکت: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: صدرمملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور آپریشن ردالفساد سے فتنے کا سرہمیشہ کیلئے کچل دیا جائے گا۔

پریڈ ایوینیو گراؤنڈ اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اس عزم کی یاد دہانی کراتا ہے جب قوم کو ایک واضح شناخت ملی تھی، آج کے دن کا وہ عزم جو یقین میں بدلا تو اس کی طاقت نے بر صغیر کے مسلمانوں کو قائد اعظم کی دور اندیش قیادت میں ایک ایسی قوت عطا کردی جس کی جمہوری جدو جہد کے نتیجے میں دنیا کی تاریخ و جغرافیہ دونوں ہی تبدیل ہوگئے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چند برسوں سے دہشت گردی کے خلاف  برسرپیکارہے اوراس جنگ میں ہماری افواج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین کام کیا، آج کے دن سردھڑ کی بازی لگانے والے شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج پاکستان کا دفاع مضبوط اورنا قابل تسخیر ہے، ہماری روایتی اور ایٹمی طاقت کا مقصد عالمی اور علاقائی امن کو یقنی بنانا ہے، یہ ہمارے غازیوں اور شہیدوں کی قربانی کا ہی نتیجہ ہے، آپریشن ضرب عضب کے بعد آپریشن رد الفساد کی کارروائیاں بچے کچے دہشت گردوں کے خلاف جاری رہیں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ملک بھرمیں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خلاف مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دیا جس سے دہشت گرد کمزور ہوئے، مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، پاکستان مضبوط اقتصادی حیثیت سے ابھر رہا ہے، ترقی کے اس سفر میں ہمیں اپنے پر خلوص دوستوں اور برادر ممالک کا بھر پور تعاون حاصل ہے جن میں چین میں مخلصانہ کردار قابل ذکر ہے، اقتصادی راہداری منصوبے میں دونوں ممالک کی شراکت داری نے پورے خطے کی ترقی کا دروازہ کھول دیا ہے۔

صدرممنون حسین نے کہا کہ ہم پوری دنیا خاص طورپراپنے ہمسایوں کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں لیکن بھارت کا غیر ذمہ دارانہ طرزعمل اور اس کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کے واقعات کو خطے کے امن کو داؤ پر لگادیا ہے، ہم بھارت کے ساتھ مزاکرات کے لیے تیار ہیں اور چاہتے ہیں کہ تقسیم بر صغیر کے نامکمل ایجنڈے یعنی کشمیرکواقوام متحدہ کی قراردادوں  کے مطابق حل کیا جائے کیونکہ بھارت کے خطے کا امن برباد کر دیا ہے، علاقائی سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا بہت ضروری ہے جب کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے لیے اخلاقی ، سفارتی،سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔