پی ایس پی کا 6 اپریل سے کراچی میں احتجاجی تحریک کا اعلان

وزیراعظم سمیت 4وزیر پورا ملک چلا رہے ہیں، مہاجروں کا ووٹ اب پی ایس پی کو پڑے گا، یوم تاسیس پر اجتماع سے خطاب


Staff Reporter March 24, 2017
بلدیاتی نمائندوں کو آرٹیکل 140 کے تحت اختیارات دیے جائیں، حیدر آباد کو ترقیاتی پیکیج دیا جائے، سربراہ پی ایس پی ۔ فوٹو: آن لائن

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے 6 اپریل کو کراچی میں مسائل کے حل کے لیے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سندھ کا وزیر اعلیٰ پی ایس پی کا ہوگا جبکہ 2023 کے انتخابات میں ہم ملک بھر میں حکومت بنائیں گے۔ ملک چلانے کے لیے ایک نظریے کی ضرورت ہے، 29 جنوری کو جو مطالبات کیے تھے، وہ پورے نہیں ہوئے۔ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو آرٹیکل 140 کے تحت اختیارات دیے جائیں۔ حیدر آباد کو ترقیاتی پیکیج دیا جائے۔ برائی کی سب سے بڑی جڑ پاکستان میں وسائل اور اختیارات کا ایک جگہ جمع ہونا ہے ۔ وزیراعظم سمیت 4وزیر پورا ملک چلا رہے ہیں۔ یہ الزام تسلیم کرتا ہوں کہ ہم نے مہاجروں کا ووٹ تقسیم کیا، اب یہ ووٹ پی ایس پی کو پڑے گا۔

جمعرات کو پی ایس پی کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر نشتر پارک میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہاکہ جو کوئی اللہ کے لیے کام کرے گا، اللہ اس کے لیے آسانیاں پیدا کر دے گا اور اسے وہاں سے رزق دے گا، جہاں اسے گمان بھی نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ اب ہم 2018 کے الیکشن کا انتظار نہیں کریں گے، 6 اپریل کو احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ مجھے ہر گلی میں پانی کی لائنیں چاہیے۔ اس شہر میں جدید ٹرانسپورٹ چاہیے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ایک درجن ماس ٹرانزٹ لائنیں بننی چاہئیں۔ اسی پر احتجاج ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی کو 1200 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے۔ کے فور بھی کراچی کے لوگوں کی پیاس نہیں بجھا سکتا۔ ہماری تحریک کا یہ بھی موٹو ہو گا کہ کے فور کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے اور فیز ٹو کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے۔

دوسری طرف پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا کہ پی ایس پی ایک سمندر ہے اور میں دریاؤں کودعوت دیتا ہوں کہ سمندر میں گرجائیں، کارکنان انتخابات کی تیاری کریں۔ 2018 کا الیکشن پی ایس پی کا ہوگا۔ پی ایس پی کے سینئر وائس چیئرمین انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ کارکنان آج سے انتخابات سے پاکستان کی تیاری شروع کردی اور آنے والا وقت پی ایس پی کا ہو گا۔ ادھر افتخار رندھاوا نے کہاکہ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ پی ایس پی نے بڑی مشکلوں سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔

کراچی ڈویژن کے صدر آصف حسنین نے کہا کہ آئندہ سندھ میں ہمارا وزیراعلیٰ اور ملک میں ہمارا وزیراعظم ہوگا۔ بلقیس مختار نے کہا کہ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی سچے اور کھرے لیڈر ہیں ۔ وہ ملک میں جھگڑا اور فساد نہیں چاہتے بلکہ پاکستانی قوم کو ایک کرنا چاہتے ہیں۔ پی ایس پی کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر چاروں صوبوں، کشمیر، گلگت بلستان، سمندر پار پاکستانیوں جس میں یو کے اور مڈل ایسٹ ، کراچی ڈویژن کی کمیٹی، بزنس فورم، لائرز فورم، یوتھ ونگ، لیبر فیڈریشن کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔