کیویز کو مسلسل دوسری مرتبہ اننگز کی شکست کا سامنا

فالو آن کی خفت سے دوچار ہونے کے بعد تیسرے دن کے اختتام تک 157 رنز پر 4 وکٹیں کھو دی ہیں


Sports Desk January 14, 2013
پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ : جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین 5 وکٹیں لے کر کیویز کو شکست کے دہانے پر پہنچادیا۔ فوٹو: اے ایف پی

مسلسل دوسری مرتبہ کیویز کو اننگز کی شکست کا سامنا ہے۔فالو آن کے بعد دوسری باری میں بھی 157 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں، ابھی بھی 247 رنز کا خسارہ باقی ہے،

ڈین براؤنلی 44 اور بریڈلی جان واٹلنگ 41 رنز کے ساتھ مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں، روری کلینویلڈ اور روبن پیٹرسن نے دودو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 121 رنز پر آئوٹ ہوئی، واٹلنگ نے 63 رنز بنائے، ڈیل اسٹین نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں اننگز کی شکست یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ فالو آن کی خفت سے دوچار ہونے کے بعد تیسرے دن کے اختتام تک 157 رنز پر 4 وکٹیں کھو دی ہیں، اگرچہ اس مرتبہ بیٹسمین تھوڑی مزاحمت کررہے ہیں مگر ابھی بھی میزبان سائیڈ کے پہلی اننگز کے مجموعے 525 رنز 8 وکٹوں پر ڈیکلیئرڈ تک پہنچنے کیلیے مزید 247 رنز کی ضرورت ہے۔

کپتان برینڈن میک کولم کا بیٹ اس بار بھی خاموش رہا وہ 11 رنز پراسپنر روبن پیٹرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، پہلی اننگز میں بھی وہ انہی کا شکار ثابت ہوئے تھے، کین ولیمسن نے بھی گیارہ ہی رنز بنائے اور پیٹرسن کی دوسری وکٹ بن گئے، اوپنر مارٹن گپٹل نے اس بار کچھ ہمت دکھاتے ہوئے 48 رنز بنائے مگر اس سے قبل کہ وہ خطرناک ثابت ہوتے کلینویلڈ نے ان کو پویلین واپس بھیج دیا، ڈینیئل فلائن کو کلینویلڈ نے کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہیں دیا، وہ کاٹ بی ہائینڈ ہوئے، جب دن کا اختتام ہوا تو برائونلی 44 اور واٹلنگ 41 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دن کا آغاز 47 رنز6 وکٹوں سے کیااور مارننگ سیشن میں ہی پوری ٹیم 121 رنز پر آئوٹ ہوگئی، واٹلنگ نے 63 رنز بنائے۔ ڈیل اسٹین نے 5 جبکہ کلینویلڈ اور پیٹرسن نے دودو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔