ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا پی سی بی ہیڈکوارٹرز اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ

اس دورے کے موقع پر پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا


ویب ڈیسک August 13, 2026

لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹرز، قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا۔

ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایرانی کرکٹ ٹیموں کو کوچنگ معاونت فراہم کرنے، پاکستانی کوچز کی جانب سے ایران کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کو تربیتی تجربہ اور مہارت منتقل کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں جانب سے کوچنگ کے علم اور تجربات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی کرکٹ کے لیے کھیلوں اور کرکٹ کے سامان کی فراہمی میں معاونت جبکہ جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کی ضروریات کی نشاندہی کے امور بھی ملاقات کا حصہ رہے۔

ایرانی وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا۔

ملاقات کے اختتام پر پی سی بی اور ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن نے دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔