آٹھ سال بعد سینڈ پیپر اسکینڈل پھر زیرِ بحث، کرکٹ آسٹریلیا نے بڑا فیصلہ کرلیا

ٹوڈ گرینبرگ کے مطابق ابتدائی تحقیقات دوبارہ نہیں کھولی جائیں گی اور نہ ہی انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا


اسپورٹس ڈیسک November 18, 2026

کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل میں ملوث کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو اپنے تجربات اور واقعات سے متعلق مؤقف پیش کرنے کے لیے ایک آزاد فورم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیئرمین ڈیوڈ بون اور چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ نے ہوبارٹ میں پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کی تصدیق کی۔

فورم کی کارروائی خفیہ رکھی جائے گی اور 2018 کے دورہ جنوبی افریقا میں شامل افراد اپنی مرضی سے شرکت کر سکیں گے۔

ٹوڈ گرینبرگ کے مطابق ابتدائی تحقیقات دوبارہ نہیں کھولی جائیں گی اور نہ ہی انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کھیلنے والے 11 میں سے صرف آٹھ کھلاڑیوں کے انٹرویوز کیے گئے تھے۔

فورم کی سربراہی کے لیے آزاد شخصیت، ممکنہ طور پر سابق جج یا کنگز کونسل مقرر کیا جائے گا۔

یہ پیشرفت عثمان خواجہ کی سوانح عمری میں کیے گئے انکشافات کے بعد سامنے آئی ہے جن کی ڈیوڈ وارنر نے بھی حمایت کی،جبکہ پیٹ کمنز نے ان دعوؤں کو مسترد کیا تھا۔

سابق فاسٹ بولر چاڈ سائرز نے بھی خواجہ کے مؤقف کی تائید کی۔

خواجہ نے فورم کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے شفافیت پر سوالات اٹھائے جبکہ وارنر نے کہا کہ معاملہ مزید سزاؤں کا نہیں بلکہ جوابدہی اور حقائق سامنے لانے کا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ماضی کو دوبارہ کھولنا نہیں بلکہ آسٹریلوی کرکٹ میں اعتماد اور اتحاد بحال کرنا ہے۔