بھارت کے سابق کپتان اور لیجنڈری وکٹ کیپر بلے باز ایم ایس دھونی نے 19 سالہ آئی پی ایل کیریئر ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد انہیں آئی پی ایل 2027 کے لیے چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کا ٹیم مینٹور مقرر کردیا گیا ہے۔
فرنچائز نے منگل کو کھلاڑیوں کی ریلیز اور برقرار رکھنے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے صرف تین گھنٹے قبل اس اہم فیصلے کا اعلان کیا۔ آئی پی ایل کا آئندہ پلیئرز آکشن 16 دسمبر کو گوا میں منعقد ہوگا۔
ایم ایس دھونی طویل عرصے سے خواہش کا اظہار کرتے رہے تھے کہ وہ اپنا آئی پی ایل کیریئر چنئی کے ہوم گراؤنڈ چپوک میں پرجوش شائقین کے سامنے ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن اب ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوسکے گی۔
چنئی سپر کنگز کے مالک این سری نواسن نے اپنے بیان میں دھونی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس دھونی کے بغیر سی ایس کے کا تصور ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریباً دو دہائیوں سے فرنچائز اور دھونی ایک دوسرے کے ساتھ کامیابیوں، مشکلات اور نشیب و فراز کے سفر میں شریک رہے ہیں۔ اس تعلق کی مضبوطی کی بنیادی وجہ باہمی اعتماد ہے۔
این سری نواسن نے مزید کہا کہ 2008 میں انہوں نے اصرار کیا تھا کہ دھونی کو چنئی سپر کنگز کا حصہ بنایا جائے اور یہ ان کے بہترین فیصلوں میں سے ایک ثابت ہوا۔ دھونی صرف اپنی کامیابیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی شخصیت اور کردار کے باعث بھی ہمیشہ فرنچائز کی پہچان کا حصہ رہیں گے۔ چنئی سپر کنگز ہمیشہ ان کا گھر رہے گی۔
45 سالہ دھونی آئی پی ایل 2027 کے لیے چنئی سپر کنگز کے نئے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ کام کریں گے۔ نئے کوچنگ سیٹ اپ میں ظہیر خان ہیڈ کوچ، البی مورکل، گیریٹ بیٹی اور سری دھرن سری رام اسسٹنٹ کوچز ہوں گے، جبکہ موہت شرما بولنگ کوچ اور جیمز فوسٹر فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
واضح رہے کہ چنئی سپر کنگز نے گزشتہ تین سیزنز میں پلے آف تک رسائی حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد آئی پی ایل 2027 کے لیے اپنے کوچنگ اسٹاف میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ دھونی کی بطور مینٹور تقرری کو ٹیم کی نئی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔