شہر میں جلائو گھیرائو کے واقعات5 گاڑیاں نذر آتش

لیاقت آباد میں لنڈا بازار میں پر اسرار آتشزدگی سے کپڑوں کی متعدد دکانیں جل گئیں.


Staff Reporter January 14, 2013
جلائو گھیرائو کے واقعات کے بعد متاثرہ علاقوں میں پولیس اور رینجر کی نفری تعینات. فوٹو: محمد ثاقب/ ایکسپریس

شہر میں جلائو گھیرائو کے واقعات میں 5 گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں جبکہ لیاقت آباد میں لنڈا بازار میں پر اسرار آتشزدگی کے نتیجے میں لنڈا کے کپڑوں کی متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹ تھانے کی حدود میں نامعلوم شرپسندوں نے جلائو گھیرائو کے واقعات کے دوران اسٹار گیٹ کے قریب کے ای ایس سی کے شہزور ٹرک KR-6402 کو نذر آتش کردیا جبکہ نامعلوم شر پسندوں نے شاہ فیصل کالونی چھوٹے گیٹ پٹرول پمپ کے قریب پی آئی اے کے ملازمین کو لانے لے جانے والی ہائی لکس وین JF-4047 آتش کردی، ایئر پورٹ تھانہ پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر جلائی جانے والے ٹرک اور وین کو مکمل جلنے سے بچالیا۔

انھوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے واقعات کے دوران دونوں گاڑیوں کو جزوی طو پر نقصان ہوا ہے ، ایئر پورٹ تھانے کی حدود میں دو گاڑیاں نذر آتش کیے جانے کے واقعات کے باعث شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ بعض علاقوں میں ٹریفک جام ہو گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں جلائو گھیرائو کے واقعات کے بعد متاثرہ علاقوں میں پولیس اور رینجر کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ جگہ جگہ پولیس نے ناکے لگا کر اسنیپ چیکنگ شروع کردی، ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب فیڈرل بی ایریا بلاک 17میں نامعلوم شر پسندوں نے ٹرک نمبرLF-2841 کو آگ لگادی جبکہ اس سے قبل یوسف پلازہ کے قریب بھی نامعلوم پسندوں کی جانب سے ٹرک نمبر JY-7978کو آگ لگائی گئی۔

06

آتشزدگی کا ایک اور واقعہ نارتھ ناظم آباد پیپلز چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم شر پسندوں نے ایک ہائی روف گاڑی کو آگ لگادی، ادھر لیاقت آباد کے علاقے رنگ سینما کے قریب واقع لنڈا بازار میں پر اسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے میں مصروف ہوگئیںفائر بریگیڈ عملے کے مطابق ڈھائی گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا،سپر مارکیٹ پولیس کے مطابق آگ شاٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی اور آگ لگنے سے 3 سے 4 پتھاروں میں رکھے پرانے کپڑے جل خاکستر ہو گئے۔