متاثرین کوئٹہ کی حمایت کرتے ہیں ثروت اعجاز

ملک دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے،آزاد پاکستان جانثاران مصطفی کانفرنس سے خطاب، سلیم قادری کے صاحبزادے کی شرکت.


Staff Reporter January 14, 2013
سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نشتر پارک میں آزاد پاکستان وجانثاران مصطفی کانفرنس کے شرکاسے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے سانحہ کوئٹہ کو حکومت بلوچستان کی مکمل ناکامی قرار دیا ہے اور متاثرین کوئٹہ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کوئٹہ کو فوج کے حوالے کرنے کے ساتھ ساتھ کراچی کو بھی عارضی طور پر فوج کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آج نا اہل حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے ملک کی سالمیت دائو پر لگی ہوئی ہے۔

کراچی سمیت پورا ملک دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے، سرحدی صورتحال بھی تشویش ناک ہے، ان حالات میں بھی نرالے وزیر داخلہ کے بھرم پورے نہیں ہو پارہے ہیں، سانحہ کوئٹہ تین روز قبل رونما ہوا لیکن کراچی میں پاکستان سنی تحریک کی آزاد پاکستان جانثاران مصطفیٰ کانفرنس کو ناکام بنانے کیلیے اتوار کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا گیا جبکہ ہم 3 روز سے اپنے شہدا کے جنازے اٹھارہے ہیں، کراچی میں فوج کی نگرانی میں ہونے والی ووٹروں کی تصدیقی مہم میں ایک ایک گھر سے265ووٹوں کے اندراج کا بھانڈا بھی پھوٹ جائے گا۔

جمہوریت کے دعوے داروں نے5 سال میں جمہوریت کے ساتھ ایسا سلوک کیا ہے کہ آج لوگ اپنی جان کے تحفظ کیلیے فوج کو بلانے پر مجبور ہوچکے ہیں، آنیوالے انتخابات میں لبیک یارسول اللہ کے نعرے کے ساتھ پاکستان سنی تحریک انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، اس مقصد کے لیے محمد شاہد غوری، شکیل قادری اور چاروں صوبوں کے صدور پر مشتمل انتخابی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے اور ہم خیال سیاسی جماعتوں سے انتخابی اشتراک عمل کے لیے کام کرے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ''آزاد پاکستان جانثاران مصطفی کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

08

قبل ازیں محمد ثروت اعجاز قادری کے خطاب سے قبل بانی و قائد پاکستان سنی تحریک محمد سلیم قادری شہید کے صاحبزادے مولانا حافظ بلال قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاغوتی قوتیں ہمارے نیک مشن کو سبوتاژ کرنے کیلیے ہمیں گولیوں اور گولوں سے خوفزدہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں لیکن ہم اپنے شہداکے مقدس لہو کو کسی قیمت رائیگاں نہیں جانے دیں گے، اسٹیج پر امیر شہدائے میلاد النبی محمد عباس قادری کے صاحبزادے مولانا محمد بلال قادری، شہید محمد اکرم قادری کے صاحبزادے مولانا عبداللہ قادری بھی موجود تھے، کانفرنس سے پاکستان سنی تحریک علما بورڈ کے صدر قاری خلیل الرحمن قادری اور صوبائی صدور شاداب رضا نقشبندی، محمد علی جتک، انعام اللہ قادری، نور احمد قاسمی کے علاوہ علامہ عامر اخلاق صدیقی، علامہ غفران محمود سیالوی، علامہ قاضی احمد نورانی، مفتی عابد مبارک، محمد اقبال قادری نے بھی خطاب کیا۔

محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اس ملک میں فرقہ واریت کی جنگ کا آغاز 1980میں ہوا جب یہ تنظیمیں معرض وجود میں آئیں،پاکستان سنی تحریک1990میں قائم ہوئی تو ہم کہاں سے فرقہ وارانہ تنظیم ہوگئے، فرقہ وارانہ تنظیمیں کالعدم ہونے کے بعد عوام کو گمراہ کررہی ہیں ہم قانونی مشیروں سے مشاورت کے بعد اس تنظیم کے خلاف عدالت میں جائیں گے، انھوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ شہدائے عید میلا دالنبی کے ملزموں کو بے نقاب کرکے محب وطن پاکستانیوں کو بھی انصاف مہیا کریں، انھوں نے الیکشن کمیشن پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ ممتاز حسین قادری کو باعزت رہا کیا جائے۔