ووٹرلسٹوں کی تصدیق میں فوج کوشامل کیاجائےمحمد حسین محنتی

عملے کو تصویری کارڈ اور تصدیقی عمل کیلیے فوجی یا ایف سی اہلکار کو شامل کیا جائے.


Staff Reporter January 15, 2013
سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہورہی ہے،چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کو ایک خط تحریر کیا ہے۔

جس میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل میں فوج اور ایف سی اہلکاروں کو شامل نہ کرنے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل کیا جائے،خط میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے فہرستوں کی تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل کرنے کے واضح احکامات دیے ہیں۔

تصدیق کنندہ کی کوئی شناخت نہیں کہ آیا وہ فرد الیکشن کمشنر کا مقررہ کردہ فرد ہے یا پارٹی کا بہت سے علاقوں میں ایک جماعت کے کارکن خود کو الیکشن کمیشن کا عملہ ظاہر کرکے لوگوں سے اصلی شناختی کارڈ لے رہے ہیں،خط میں مزید کہا گیا کہ تصدیق کا عمل شروع ہونے سے ایک دن پہلے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے الیکشن سیل کے انچارج مجاہد محمود برکاتی جو سابق یوسی ناظم بھی ہیں ان کے والد محمود برکاتی کو ان کے مطب میں گھس کر شہید کردیا گیا۔



جبکہ 10 جنوری کو لیاقت آباد کے سابق کونسلر ممتاز فاروقی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اس صورتحال کا نوٹس نہ لیا گیا تو ایک بار پھر ووٹر لسٹوں کی تیاری کے عمل میں بے قاعدگی ہوگی،خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے عملے کوتصویر والا کارڈ اور تقرر نامہ دیا جائے،تصدیق کنندہ کے ساتھ ایک فوجی یا ایف سی کے اہلکار کو بھی شامل کیا جائے،پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر شیڈول کی تشہیر کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر تصدیقی عمل کو ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔