ہڑتال کے باعث مسافرایئرپورٹ نہ پہنچ سکےکئی پروازیں منسوخ

شہر سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہی ،مسافروں کوایئرپورٹ پر مجبوراً رات گزارنی پڑی


Staff Reporter January 15, 2013
شہر سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہی ،مسافروں کوایئرپورٹ پر مجبوراً رات گزارنی پڑی فوٹو : فائل

ISLAMABAD: کراچی میں سانحہ کوئٹہ اورمجلس وحدت المسلمین کی اپیل پر پیر کوہڑتال کے باعث مسافروں کی اکثریت ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکی ۔

جس کی وجہ سے اندرون ملک جانے والی پی آئی اے کی ایک درجن پروازیں تاخیراورمتعدد منسوخ کر دی گئیں ،مسافروں کی بڑی تعداد کوایئرپورٹ پر مجبوراً رات گزارنی پڑی۔کراچی میں پیر کو ہڑتال اور متعدد شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے کاسموپولٹین شہر سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہی وہیں رکشہ ٹیکسی والوں نے شہریوں سے منہ مانگا کرایہ وصول کیا۔ مسافروں اور فضائی عملے سمیت ایئر پورٹ پرکام کرنے والے دیگر ملازمین کوایئر پورٹ آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا رہا۔

پیرکوکراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اندرون ملک و بیرون ملک متعدد پروازوںکی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ان میں سے بعض پروازیں مسافروںکی ایئر پورٹ آمد میں تاخیر کے سبب بروقت روانہ نہ ہو سکیں جبکہ اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بعض پروازیں وہاں موسم خراب ہونے کے سبب تاخیر کا شکار ہوئیں۔ جن پروازوں کی کراچی سے روانگی میں تاخیر ہوئی ان سے منسلک واپسی کی پروازیں بھی بتدریج اسی لحاظ سے تاخیر کا شکار رہی۔

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور پنجاب سمیت شمالی علاقوں میں موسم تاحال خراب ہے جس کے سبب اندرون ملک پروازوں کی آمد و رفت تاحال معمول پر نہیں آ سکی ہے جبکہ دبئی کی پروازیں آپریشنل وجوہات کی بنا ہپر تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پیر کو ایئر پورٹ فلائٹ انکوائری سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق اندرون ملک سیکٹر کی4 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ اندرون ملک کی متعدد پروازوں کی آمد رفت میں 5 سے 12 گھنٹے تاخیر ہوئی۔



منسوخ ہونے والی پروازوں میں ایئر بلیو کی کراچی، اسلام آباد، کراچی سیکٹر کی پروازیں پی اے 208اور پی اے 209شامل ہیں جبکہ قومی ایئر لائن کی کراچی، اسلام آباد، کراچی کی دو پروازیں پی کے 318، اور پی کے 319 بھی منسوخ ہو گئیں۔ پی آئی اے کی اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 308کی کراچی سے روانگی میں دو گھنٹے تاخیر ہوئی ۔

جبکہ لاہور جانے والی پرواز پی کے 304 بھی اپنے مقررہ وقت سے2 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو سکی۔ کراچی سے کوئٹہ جانے والی پرواز پی کے 310ڈھائی گھنٹے، کراچی سے بہاولپور جانے والی پرواز پی کے 588 سوا 5گھنٹے، کراچی سے فیصل آباد جانے والی پرواز پی کے 590چار گھنٹے، کراچی سے سکھر کی پرواز پی کے 540 چار گھنٹے 45منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔ اسی طرح پیر کو لاہور سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 302 کی آمد میں ساڑھے 4 گھنٹے، تربت سے کراچی آنیوالی پرواز پی کے 502 کی آمد میں 5 گھنٹے، دبئی سے کراچی آنیوالی پرواز پی کے 214 کی آمد میں 12گھنٹے، دبئی سے آنیوالی پی کے 273 چار گھنٹے، جدہ سے کراچی آنے والی پرواز 2 گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچی۔