لاہورخودکش حملہ؛ مردم شماری ٹیم کی گاڑی کا ڈرائیور زیر حراست

ویب ڈیسک  بدھ 5 اپريل 2017
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کے نزدیک واقع دکان کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا، فوٹو؛ ایکسپریس

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کے نزدیک واقع دکان کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا، فوٹو؛ ایکسپریس

 لاہور: بیدیاں روڈ خودکش حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مردم شماری عملے کی گاڑی کے ڈرائیور اور جائے وقوعہ کے نزدیک واقع دکان کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق بیدیاں روڈ دھماکے کا مقدمہ 3 دہشت گرودں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں ایس ایچ او عابد بیگ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے مردم شماری عملے کی گاڑی کے ڈرائیور کو زخمی حالت میں اسپتال سے حراست میں لے لیا جس کا موبائل فون بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہور میں مردم شماری ٹیم پر خود کش حملہ

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ کے قریب واقع اسپیئر پارٹس کی دکان کے مالک محمد یعقوب کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈرائیور کے موبائل فون ڈیٹا سے پتا چلا ہے کہ فوجی جوانوں کو پک کرکے اس کا آخری رابطہ دکان مالک محمد یعقوب سے ہوا اور اس نے یعقوب کو گاڑی میں گیس لیکیج کا بتایا تھا۔

واضح رہےکہ لاہور میں آج صبح مردم شماری کے عملے کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جس میں ہونے والے خودکش حملے میں 4 فوجی جوانوں سمیت 6 افراد شہید اور 18 زخمی ہوئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔