ٹیسٹ فتوحات میں مصباح نے تمام ملکی کپتانوں کو پیچھے چھوڑ دیا

53 میچز میں 24 کامیابیاں، 10سیریزجیتنے والے واحد ایشیائی، نمبر ون کا گرز بھی اٹھایا


Sports Reporter/Abbas Raza April 07, 2017
سلمان بٹ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بعد انھوں نے 2010میں ٹیم کی کمان سنبھالی۔ فوٹو : اے ایف پی

مصباح الحق نے ٹیسٹ فتوحات میں تمام ملکی کپتانوں کو پیچھے چھوڑ دیا.

28 مئی 1974کو میانوالی میں پیدا ہونیوالے مصباح الحق ٹوئنٹی20 کرکٹ پہلے ہی چھوڑ چکے تھے، ورلڈ کپ 2015 کے بعد انھوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کو بھی خیر باد کہہ دیا۔ مصباح نے نیوزی لینڈ کیخلاف 2001 میں ڈیبیو کرنے کے بعد اب تک 72 ٹیسٹ میں 10 سنچریوں اور 36 ففٹیز کی مدد سے4951 رنز بنائے، ان کی اوسط 45 سے زیادہ ہے۔

سلمان بٹ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بعد انھوں نے 2010میں ٹیم کی کمان سنبھالی، سینئر بیٹسمین 50 سے ٹیسٹ میچزمیں قیادت کرنے والے واحد پاکستانی ہیں،انھیں سب سے زیادہ 53 مقابلوں میں کپتانی کا اعزاز حاصل ہے، ان میں سے24 جیتے، 18 میں شکست اور 11 ڈرا ہوئے، یوں وہ فتوحات کے اعتبار سے ملک کے سب سے کامیاب کپتان بھی ہیں جبکہ مصباح الحق 10 سیریز جیتنے والی واحد ایشیائی کپتان بھی ہیں۔ گزشتہ سال دورئہ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان ٹیم نے سیریز 2-2 سے برابر کرتے ہوئے اپنی تاریخ میں پہلی بارآئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جمایا۔

مصباح الحق نے گرز وصول کیا تاہم کچھ دنوں بعد ہی اعزاز چھن گیا۔ انھیں انگلینڈ کیخلاف 7فتوحات کے ساتھ کامیاب ترین ایشیائی کپتان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یاد رہے کہ بدھ کو یونس خان کے ساتھ مصباح الحق کو بھی ٹاپ وزڈن کرکٹرز کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔