انوشکا شرما کو گھر کی تزئین و آرائش بھاری پڑ گئی

ویب ڈیسک  پير 10 اپريل 2017
اداکارہ کے پڑوسیوں نے بجلی کا بورڈ باہر لگانے پر ان کے خلاف میونسپل کارپوریشن میں شکایت درج کرادی، فوٹو؛ فائل

اداکارہ کے پڑوسیوں نے بجلی کا بورڈ باہر لگانے پر ان کے خلاف میونسپل کارپوریشن میں شکایت درج کرادی، فوٹو؛ فائل

ممبئی: انوشکا شرما کے پڑوسیوں نے بجلی کا جنکشن بورڈ گھر سے باہر لگانے پر اداکارہ کے خلاف بمبئی میونسپل کارپوریشن کو شکایت درج کرادی۔

بھارتی اداکارہ انوشکا شرما ممبئی کے پوش علاقے ورسوا میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں جہاں گزشتہ دنوں انہوں نے اپنے گھر کی تزئین و آرائش کرتے ہوئے کئی تبدیلیاں کی ہیں جس نے انوشکا کو مصیبت میں ڈال دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشکا شرما کے پڑوسیوں نے ادکارہ پر غیرقانونی تعمیرات کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف بمبئی میونسپل کارپوریشن میں شکایت درج کرادی جس میں کہا گیا ہےکہ انوشکا کے گھر کی تزئین و آرائش کے دوران راستے میں غیرقانونی طور پر الیکٹرک جنکشن باکس لگایا گیا ہے جس سے کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہوسکتا ہے جب کہ اس معاملے پر اداکارہ  اور ان کے عملے کو متعدد بار سمجھانے کی کوشش بھی کی گئی لیکن وہ کسی صورت غلطی تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں لہٰذا بلڈنگ میں مقیم شہریوں کو کسی بھی ناگہانی آفت سے بچایا جائے۔

دوسری جانب انوشکا کے خلاف شکایت درج ہونے کے بعد بی ایم سی کے عملے نے اداکارہ کے فلیٹ کا دورہ کرکے الیکٹرک جنکشن بورڈ کو غیر قانونی قرار دے دیا اور اداکارہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ انوشکا کے ترجمان کا کہنا ہےکہ معمولی الیکٹرک بورڈ کو جواز بنا کر اداکارہ کو تنگ کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ انوشکا شرما ان دنوں شاہ رخ خان کے مدمقابل  ہدایتکار امتیازعلی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔