کلبھوشن یادیو کی پھانسی رکوانے کے لیے بھارت دھمکی پر اُتر آیا

ویب ڈیسک  منگل 11 اپريل 2017

نئی دلی: بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے پاکستان کو دھمکی دی ہے کہ اگر ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پھانسی دی گئی تو پاکستان کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

گزشتہ روز بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو بلوچستان اور کراچی میں منظم دہشت گردی کی منصوبہ بندیوں کا اعتراف کرنے کے بعد فوجی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی جس پر شدید ردِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی سفیر عبدالباسط کو بھارتی وزارتِ خارجہ میں بلوا کر احتجاجی مراسلہ ان کے سپرد کیا گیا جبکہ بھارت میں قید بے گناہ پاکستانی شہریوں کی رہائی بھی مؤخر کردی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کلبھوشن کی سزا کے رد عمل میں بھارت کا پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار

لوک سبھا میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سشما سوراج کا کہنا تھا کہ کلبھوشن ’’بھارت ماتا کا بیٹا‘‘ ہے جس کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں،اس کے دفاع میں اچھا وکیل کھڑا کرنا بہت چھوٹی بات ہے اور اگر ضرورت پڑی تو وہ صدر تک سے بات کریں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارتی جاسوس کلبھوشن کو پھانسی کی سزا

سشما سوراج نے پاکستان کو دھمکی دی کہ اگر کلبھوشن کو پھانسی ہوئی تو دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات شدید متاثر ہوں گے اور ایسے کسی بھی پاکستانی اقدام کا جواب دینے کےلیے بھارتی حکومت ’’کسی بھی حد تک‘‘ جائے گی۔

لوک سبھا کے اجلاس میں دوسرے بھارتی رہنماؤں نے بھی پاکستان کے خلاف تقاریر کیں اور مطالبہ کیا کہ کلبھوشن یادیو کو دی جانے والی سزا پر مذمتی قرارداد منظور کی جائے جب کہ اس دوران نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر مظاہرہ بھی کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔