مدرسے کے 2طلبا سمیت مزید 8قتل کراچی میں سناٹا 8گاڑیاں نذر آتش

اندرون سندھ بھی سڑکوں پر ٹائر جلاکر احتجاج،حیدرآباد میں فائرنگ سے ایک ہلاک،کار نذرآتش


Staff Reporter January 18, 2013
کراچی میں کشیدگی کے دوران نامعلوم افراد کے ہاتھوں نذرآتش کی جانے والی بس۔ فوٹو: پی پی آئی

متحدہ قومی موومنٹ کے ایم پی اے کے قتل کے واقعے کے بعد خوف پھیل گیا رات گئے شہر میں سناٹا چھا گیا،فائرنگ کے دیگر واقعات میں2 مذہبی کارکن، مدارس کے 2طلبہ ہلاک سمیت 7افراد ہلاک،2 خواتین سمیت 10 زخمی ہوگئے،ریکس ندی سے بوری بند لاش ملی ہے۔

بے یقینی کی صورتحال کے باعث افراتفری کے عالم میں شہری جلد از جلد گھروں کو جانا شروع ہوگئے جس کے باعث اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، واقعے کے بعد شہر میں دکانیں و کاروبار بند ہوگیا ، مشتعل افراد نے مختلف علاقوں میں 4 رکشا سمیت 8 گاڑیوں کے علاوہ 2 دکانوں اور کئی پتھاروں کو بھی جلا دیا ۔کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی سید منظر امام کی ہلاکت کے بعد سوگ میں آج (جمعہ) کوکراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔

اورنگی ٹاؤن میں ہونے والے واقعے کے ردعمل میں مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جس کے باعث شہر میں دکانیں و کاروبار بند ہونا شروع ہوگیا ، واقعے کے بعد اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ریحانہ بی بی اور عامر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا ، نامعلوم افراد نے اورنگی ٹاؤن نشان حیدر چوک پر ایک رکشا نذر آتش کر دیا جبکہ مومن آباد کے علاقے ایل بلاک ، اردو چوک اور عوامی چوک پر بھی 3 رکشا ، مین شارع اورنگی ٹاؤن پر روٹ W-25 کی منی بس ، زمان ٹاؤن میں الیاس کوچ ، سچل گلزار ہجری کاؤنٹی گارڈن کے قریب منی ٹرک جبکہ مبینہ ٹاؤن کے علاقے یونیورسٹی روڈ شیرٹن اپارٹمنٹ کے قریب روٹ G-3 کی منی بس کو نامعلوم افراد نے نذر آتش کر دیا اورنگی ٹاؤن میں مشتعل افراد نے 2 دکانیں اور درجنوں پتھارے نذر آتش کر دیے۔

واقعے کیخلاف مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائروںکو نذر آتش کر کے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرنیکا مطالبہ کیا۔ زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی رحیم آباد کورنگی ساڑھے تین نمبر میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ 35 سالہ اصغر علی نورانی جاں بحق ہوگیا،جمعیت علمائے پاکستان کے ترجمان کے مطابق مقتول اصغر علی نورانی کورنگی ٹاؤن کا سیکریٹری تھا، پولیس واقعے کو دشمنی کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے مقتول رحیم آباد کا رہائشی تھا۔ابراہیم حیدری کے علاقے کورنگی بھٹائی کالونی ابراہیم مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ قاری محمد طلحہٰ جاں بحق ہوگیا جس کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔

9

پولیس کے مطابق مقتول بھٹائی آباد بلاک C کا رہائشی تھا۔ نیو کراچی 8 نمبر کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کندھے پر لگنے سے یاسمین ، شاہنواز بھٹو کالونی میں 15 سالہ منظور گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔نارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28سالہ صفدر ولد ناصر علی زخمی ہوا۔زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔ گلشن اقبال موچی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے مدرسہ احسن العلوم کے 2 طالبعلم زخمی ہوگئے پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہوگیا جسے اس کے ساتھی اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔

کورنگی صنعتی علاقے میں فائرنگ سے مدرسہ انوارالعلوم کا ایک طالبعلم جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا ۔ گلشن اقبال کے علاقے بلاک 13-D موچی موڑ کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مدرسہ احسن العلوم کے 2 طالبعلم حارث اور اختر زمان شدید زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ او گلشن اقبال رانا حسیب نے بتایا کہ زخمی ہونے والے طالبعلموں کو فوری طبی امداد کے لیے قریب ہی واقع نجی اسپتال لیجایا گیا جنھیں بعدازاں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ، انھوں نے بتایا کہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 10 سے زائد خالی خول ملے ہیں ۔

انھوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے حملہ آور کی تلاش میں پولیس نے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں سادہ لباس پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا ہے۔ مدرسے کے طالبعلموں پر فائرنگ پرمشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے راشد منہاس روڈ پر دھرنا دیا اس موقع پر نامعلوم افراد نے پتھراؤ کر کے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے جس کے باعث ٹریفک معطل اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ، ہنگامے کے باعث گلشن اقبال میں قائم نجی اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات اور ان کے اہلخانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اسکول وینز ہنگامے کی وجہ سے ٹریفک جام میں پھنس گئیں جبکہ اس میں سوار اسکول کے بچے شدید خوف کا شکار رہے۔

اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی نے بتایا کہ مدارس کے طلبہ پر فائرنگ کے وقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مقتول قاری محمد طلحہٰ ان کا کارکن اور کورنگی انڈس اسپتال کے قریب بلال مسجد میں بچوں کو دینی تعلیم دیتا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل بھی مدرسہ احسن العلوم کے 7 طالبعلموں کو چائے کے ہوٹل پر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے ملزمان کو بھی پولیس تاحال گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

احتجاجی مظاہرے کے باعث نیپا چورنگی تا سہراب گوٹھ تک ٹریفک معطل ہوگیا اور ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا جبکہ ان علاقوں میں دکانیں و کاروبار بھی بند ہوگیا ، ہنگامے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے مشتعل افراد سے بات چیت کے بعد ٹریفک بحال کرا دیا تاہم علاقے میں بدستور کشیدگی پھیلی ہوئی تھی۔ کورنگی صنعتی علاقے میں بروکس چورنگی سے کورنگی کراسنگ جانے والی شارع پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ محمد حسین ولد محمد پرویز جاں بحق جبکہ 24 سالہ نور فیاض ولد چمن خان شدید زخمی ہوگیا ہلاک و زخمی کو جناح اسپتال لایا گیا ۔

نور فیاض دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے ڈیوٹی افسر عبدالرشید نے بتایا کہ مقتول محمد حسین کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر 6-E میں واقع جے یو آئی (ف) کی زیر نگرانی چلنے والے مدرسہ انوار العلوم کا طالبعلم تھا جبکہ زخمی بھی وہیں پر زیر تعلیم ہے ، مدرسے کے طالبعلموں پر فائرنگ کے واقعے کی اطلاع پر طالبعلموں میں شدید اشتعال پھیل گیا تاہم پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو کنٹرول کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے ہلاک و زخمی ہونے والے موٹر سائیکل پر جا رہے تھے جبکہ واردات میں نائن ایم ایم پستول استعمال ہوا ہے جس کے خالی خول پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں ۔

پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے نیچے ندی سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی بوری بند لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، پولیس کے مطابق لاش 2 دن پرانی ہے ، پولیس نے لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی ہے ۔ زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی چکرا گوٹھ میں واقع بمبا گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سر میں ایک گولی لگنے سے18 سالہ جبار جتوئی ولد علی بخش جتوئی ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی پولیس کے مطابق مقتول کو گھر کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے ۔

سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود نیو کراچی یوسف گوٹھ میں واقع شہید بھٹو چوک پر پٹھان لاشاری ہوٹل پر نامعلوم ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے ہوٹل کے برابر میں واقع بیکری کا مالک 23 سالہ نذیر احمد ولد شفیع احمد ہلاک جبکہ ہوٹل پر بیھٹے28 سالہ کمال احمد عرف بھایو ولد قمر الدین اور20 سالہ اشفاق لاشاری ولد ارشاد لاشاری زخمی ہو گئے ہلاک و زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا نذیر پیپلز پارٹی پی ایس87 کا ہمدرد ، زخمی کمال کارکن ہے جبکہ زخمی ہونے والا اشفاق جئے سندھ کے علاقائی رہنما پٹھان لاشاری کا بھتیجا ہے ۔

موچکو تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن عابد آباد کے رہائشی32 سالہ بابر جاوید ولد گل اکبر کو ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور ملزمان فرار ہو گئے ایس ڈی پی او بلدیہ ٹاؤن ڈی ایس پی احمد بیگ نے بتایا کہ مقتول کو اس کے سالے نے گھر میں گھس کر قتل کیا ہے ، مقتول کا4 روز قبل اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد بیوی شوہر کو اکیلا چھوڑ کر اپنے ایک بچے کے ساتھ والدین کے گھر چلی گئی تھی ، پولیس پارٹی ملزم کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر روانہ کر دی گئی ہے ۔