پاناما کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہمیں منظور ہے، وزیراعظم نوازشریف

ویب ڈیسک  بدھ 19 اپريل 2017
ہمارا دامن صاف ہے اور ہم ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، وزیراعظم کا مسلم لیگ (ن) سندھ کے تنظیمی عہدیداروں سے خطاب، فوٹو؛ پی آئی ڈی

ہمارا دامن صاف ہے اور ہم ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، وزیراعظم کا مسلم لیگ (ن) سندھ کے تنظیمی عہدیداروں سے خطاب، فوٹو؛ پی آئی ڈی

 اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ پاناما کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہمیں منظور ہے کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) سندھ كا تنظیمی اجلاس ہوا جس میں قائد ایوان سینیٹ راجہ ظفر الحق، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعظم كے مشیر جام معشوق علی، چیرمین سرمایہ كاری بورڈ مفتاح اسماعیل، وزیراعظم كے مشیر برائے سیاسی امور ڈاكٹر آصف كرمانی، مریم نواز، چیرمین بے نظیر انكم سپورٹ پروگرام ماروی میمن، صدر مسلم لیگ (ن) سندھ بابو سرفراز خان جتوئی، نائب صدر مسلم لیگ (ن) سندھ شاہ محمد شاہ ، سینیٹر نہال ہاشمی اور سینیٹر پرویز رشید سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس كے شركا سے خطاب كرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاناما کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہمیں منظور ہے کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے اور ہم ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی اراكین كو تاكید كی كہ وہ عوام سے مسلسل رابطہ ركھیں اور ترقی و خوشحالی اور روشن پاكستان كا پیغام سندھ كے ہر شہر، گاؤں اور گوٹھ كے عوام تك پہنچائیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ کے ذمہ داروں کو  احتجاج کی دھمکی دینے پر شرم آنی چاہیے، وزیراعظم

وزیراعظم نے كہا كہ مسلم لیگ (ن) کو سندھ میں عوام كی تائید حاصل ہورہی ہے اور پذیرائی میں اضافہ ہو رہا ہے، اگر آپ محنت كرتے رہیں گے تو انشاءاللہ بہت اچھے نتائج حاصل كریں گے۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) سندھ كے صدر بابو سرفراز خان جتوئی كو مخاطب كرتے ہوئے كہا كہ وہ ایك عوامی رابطے كا پروگرام جلد ترتیب دیں تاكہ صوبہ سندھ میں بھی عوامی رابطے اور سیاسی سرگرمیوں كا جلد آغاز كیا جاسكے۔

وزیراعظم نوازشریف نے سندھ كے شہروں كی حالتِ زار پر افسوس كا اظہار كرتے ہوئے كہا ان كا عزم ہے كہ سندھ كے عوام كو جدید شہری، طبی اور تعلیمی سہولیات فراہم كی جائیں تاكہ سندھ كے عوام كا معیار زندگی بہتر سے بہتر ہوسكے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں كام نہ كرنے والوں كو نتائج کے لیے تیار رہنا چاہیے، پاكستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ كاركردگی كی بنیاد پر ووٹ حاصل كیے ہیں اور آئندہ بھی شاندار كاركردگی كا مظاہرہ كریں گے، صوبہ سندھ جانا ہمارا حق ہے، ہمارے سیاسی مخالفین كو بھی پورا پورا حق ہے كہ وہ پنجاب سمیت جہاں جانا چاہیں بڑے شوق سے جائیں، عوام ہماری كاركردگی دیكھ رہے ہیں اور دوسروں كے كام بھی عوام كے سامنے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔