میاں صاحب کو ان کے وزرا نے وقعت دکھادی، مولا بخش چانڈیو

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 اپريل 2017

مسلم لیگ (ن) کو تاریخ بنانے میں نہیں اقتدار بچانے میں دلچسپی ہے، مولا بخش چانڈیو فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کو تاریخ بنانے میں نہیں اقتدار بچانے میں دلچسپی ہے، مولا بخش چانڈیو فوٹو: فائل

 کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ میاں صاحب خوشیاں نہ منائیں بلکہ اپنی ذلت کا ماتم کریں، انہیں ان کے وزرا نے ان کی وقعت دکھادی، عابد شیرعلی نوازشریف کو عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا کی سطح پر لے آئے ہیں، نواز شرہف جے آئی ٹی زدہ ہونے جارہے ہیں.

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے سوائے پاکستان بنانے کے کوئی تاریخ نہیں بنائی بلکہ پاکستان بھی قائد اعظم نے بنایا ہے، ورنہ جو بھی آمر آیا مسلم لیگ نے اس کا ساتھ دیا ہے۔ مسلم لیگ وہ درویش ہے جسے ہر اقتدار میں آنے والا گھمانے پھرانے لے جاتا ہے، مسلم لیگ (ن) کوتاریخ بنانے میں نہیں اقتدار بچانے میں دلچسپی ہے، وہ اس لئے مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں کہ ان کا اقتدار بچ گیا۔ حکومت بچ جانے پر مٹھائیاں بانٹنے اور کھانے پر شرم آنا چاہیئے، شرم کی بات ہے ایٹمی ملک کے وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوں گے، میاں صاحب کو شرم نہیں آتی کہ کیا وزیراعظم کا منصب جے آئی ٹی میں جانے کا ہے، جے آئی ٹی کیا اچھے لوگوں کے لئے بنتی ہے، فیصلہ پڑھنے کے بعد چوہدری نثارعلی خان بھی آگ بگولا ہوگئے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والوں نے بے نظیر بھٹو کو عدالتوں کے چکر کٹوائے، انہیں دردر گھمایا گیا لیکن وہ باعزت ہوکر لوٹیں، ہمارے رہنماؤں پر ایک بھی الزام سچ ثابت نہیں ہوا، ہمارے رہنما عدالتوں سے باعزت بری ہوئے، پیپلزپارٹی چھپ کر کوئی کام نہیں کرتی، انہوں نے معاہدہ کرکے ملک نہیں چھوڑا، میاں نوازشریف کوتوسپریم کورٹ کے جج صاحبان نے کہا کہ وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے وزرا کے بھڑکنے کے دن ہیں، بلاول اور زرداری صاحب نے پنجاب میں تہلکہ مچایا ہواہے، بلاول اور زرداری پنجاب میں ہیں تو یہ لوگ مرے جارہے ہیں کہ وہ یہاں کیوں ہیں۔

مولابخش چانڈیونے عابد شیر علی کو سیاسی پاگل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹا پورے جہاں کو جھوٹا ثابت کرتا ہے، سیاسی لوگ گالم گلوچ نہیں کرتے، سیاسی پاگلوں کو دلیل سے بات کرناچاہئے، میاں صاحب خوشیاں نہ منائیں بلکہ اپنی ذلت کا ماتم کریں، انہیں ان کے وزرا نے ان کی وقعت دکھادی، عابد شیرعلی نوازشریف کوعزیر بلوچ اور ذوالفقارمرزا کی سطح پر لے آئے ہیں، نواز شرہف جے آئی ٹی زدہ ہونے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔