(ن) لیگ والوں نے بدزبانی بند نہ کی تو بھرپورجواب دیا جائے گا، نیربخاری

ویب ڈیسک  اتوار 23 اپريل 2017

 اسلام آباد: سابق چئیرمین سینیٹ اور رہنما پیپلزپارٹی نیربخاری کا کہنا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستانی سیاست میں بدتہذیبی ہو لیکن اگر (ن) لیگ والوں نے بدزبانی نہ چھوڑی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق چئیرمین سینیٹ نیر بخاری کا کہنا تھا کہ پاناما کا فیصلہ نوازشریف کے خلاف ہے اور (ن) لیگ والے مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں، فیصلے کا پیرا 85 تا 88 دیکھ لیا جائے تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، فیصلے میں 3 ججز نے مزید تحقیقات کا کہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مسٹر ٹین سے 100 پرسنٹ بننے والے زرداری سندھ کے لینڈ مافیا ہیں

نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پاناما فیصلے پر اپنا مؤقف پیش کیا تھا کہ شفاف تحقیقات اور تفتیش کے لیے نوازشریف کواستعفیٰ دینا چاہیئے لیکن حکومتی وزراء کی جانب سے ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ہماری قیادت کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کی گئی، اگر (ن) لیگی رہنماؤں نے بد زبانی بند نہ کی تو بھرپور جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ تہذیب میں رہتے ہوئے سیاست کی جائے کیوں کہ بدتہذیبی کی سیاست نہ تو عوام اور قوم کے حق میں ہے اور نہ ہی ملک کے لئے بہتر ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میاں صاحب کو ان کے وزرا نے وقعت دکھادی

سابق چیرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران شدت اختیار کر چکا ہے لیکن عوام کا کوئی بھی پرسان حال نہیں، اس وقت توانائی بحران کی ذمہ دار 4 سال تک حکومت کرنے والی (ن) لیگ ہے اور وجہ  نیلم جہلم اور نندی پور پاور پروجیکٹ میں میگا کرپشن ہے، ہم حکومت کے چہرے کو بے نقاب کر کے چھوڑیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔