فاٹا میں ڈرون حملے بند نہیں کر سکتےامریکی سفیر

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں ، مباحثے سے خطاب


INP January 20, 2013
پاک بھارت کشیدگی پرامریکاکو تشویش ہے،سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی دینے کامعاملہ زیر غور نہیں فوٹو: فائل

پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں جنہیں ختم کرنے کیلیے ڈرون حملے کیے جاتے ہیں۔

ان حملوں کو بند نہیں کیا جا سکتا'پاکستان کو سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی دینے کا معاملہ زیر غور نہیں' پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ روکنے کا مقصد تہران کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے ۔وہ سینیٹر انور بیگ کی جانب سے پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے منعقدہ مباحثہ کے دو ران اظہارخیال کر رہے تھے ۔رچرڈ اولسن نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تنہا نہیں چھوڑیں گے، توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلیے کئی منصوبوں میں پاکستان کی معاونت کر رہے ہیں، پاکستان امریکا کیلیے بہت اہمیت کا حامل ہے ،اس کی جغرافیائی سلامتی کا احترام کرتے ہیں۔

11

انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے ، ان منصوبوں سے 2013 میں سسٹم میں900 میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا ،کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں 1.8 بلین ڈالر پاکستان کو دیے گئے ہیں، پاکستان کو ملٹری اور سیکیورٹی کی تربیت اور جدید آلات کی فراہمی جاری رہے گی ، انھوں نے کہاکہ پاک بھارت کشیدگی پر امریکا کو تشویش ہے ' دونوں ممالک بات چیت سے معاملات حل کریں،ایران کے ایٹمی پروگرام سے عالمی امن کو خطرہ ہے ۔