آئی سی سی سے بگ تھری کا خاتمہ بھارت کی شکست ہے، نجم سیٹھی

ویب ڈیسک  بدھ 26 اپريل 2017
دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے مالی نقصان کا ازالہ طلب کیا جائے گا، چیرمین پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی، فوٹو؛ فائل

دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے مالی نقصان کا ازالہ طلب کیا جائے گا، چیرمین پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی، فوٹو؛ فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی سے بگ تھری کا خاتمہ بھارت کی شکست ہے جب کہ دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے مالی نقصان کا ازالہ طلب کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آئی سی سی سے بگ تھری کے خاتمے کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ  بھارت ہار گیا کیوں کہ آئی سی سی نے بگ تھری ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ آئی سی سی میں بگ تھری کا باب بند ہوگیا

ایک اور ٹوئٹ میں نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر بھارت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پی سی بی آئندہ ہفتے بی سی سی آئی کو قانونی نوٹس بھیجے گا جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ سے مالی نقصان کا ازالہ طلب کیا جائے گا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے آئی سی سی کے ماہرین کی سیکیورٹی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی ورلڈ الیون کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ورلڈ الیون کی ٹیم 3 ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچزکھیلنے کے لیے ستمبرمیں پاکستان آئے گی اور ورلڈ الیون کی ٹیم میں ٹاپ کھلاڑی شامل ہوں گے۔

واضح رہے آئی سی سی اجلاس میں بگ تھری سے متعلق ووٹنگ ہوئی جس میں بگ تھری کی مخالفت کی گئی اور اس طرح انٹرنیشنل  کرکٹ کونسل میں بگ تھری کا باب بند ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔