10 ارب تو ابتدائی پیش کش تھی رقم بڑھانے کی آفر بھی کی گئی تھی، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اپريل 2017
پاناما کیس میں خاموش رہنے پر 10 ارب روپے تو ابتدائی پیش کش تھی، عمران خان۔ فوٹو: فائل

پاناما کیس میں خاموش رہنے پر 10 ارب روپے تو ابتدائی پیش کش تھی، عمران خان۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف کی جانب سے پاناما کیس میں خاموش رہنے پر 10 ارب روپے کی پیش کش کی باز گشت ابھی تھمی نہ تھی کہ عمران خان نے حکومت پر ایک اور الزام عائد کرتے ہوئے کہا 10 ارب تو ابتدائی پیش کش تھی رقم بڑھانے کی آفر بھی کی گئی تھی۔

تحریک انصاف آج اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے اور اس حوالے سے تمام تیاریاں بھی کر لی گئی ہیں۔ عمران خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور جلسے کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں خاموش رہنے پر 10 ارب روپے تو ابتدائی پیش کش تھی، رقم بڑھانےکی بھی پیشکش کی گئی تھی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: حکومت کا عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

تحریک انصاف کے جلسے کے لئے 80 فٹ چوڑا اور 24 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جس پر مرکزی قیادت براجمان ہو گی جب کہ مقامی قیادت کے لئے بھی ایک اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ خواتین کے لئے مرکزی اسٹیج کے سامنے انکلوژر بنایا گیا ہے جسے چاروں جانب سے لوہے کی چادروں اور خاردار تاروں سے بند کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی شخص خواتین کے انکلوژر میں نہ آ سکے۔ تحریک انصاف کی قیادت نے جلسے کے لئے آج شام 5 بجے کا ٹائم دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔