صبا قمر بھارت کے گن گانے لگیں

ویب ڈیسک  منگل 9 مئ 2017
بھارت میں بہت زیادہ نخرے اٹھائے گئے ہیں اور مجھے ساتویں آسمان پر بٹھایا گیا، پاکستانی اداکارہ، فوٹو؛ فائل

بھارت میں بہت زیادہ نخرے اٹھائے گئے ہیں اور مجھے ساتویں آسمان پر بٹھایا گیا، پاکستانی اداکارہ، فوٹو؛ فائل

ممبئی: پاکستانی اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہےکہ میرے بھارت میں بہت زیادہ نخرے اٹھائے گئے اور وہاں ساتویں آسمان پر بٹھایا گیا اس لیے پھر سے بھارت جاؤں گی۔

بھارتی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ سے بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ میں بالی ووڈ میں کام کرنا نہیں چاہتی تھی البتہ یہ ضرورسوچتی تھی کہ اگراچھی کہانی پرمبنی کوئی اچھا کردار ملا تو وہ ضرور کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے ڈرامے بھارت میں بہت شوق سے دیکھے جاتے ہیں جب کہ بھارتی اداکار عرفان خان نے بھی ڈرامے میں میری اداکاری دیکھ کر ہی فلم میں لینے کا فیصلہ کیا۔

صبا قمر نے کہا کہ فلم کے لیے جب پہلی بارعرفان خان کے مینیجر نے فون کیا تو مجھے لگا کہ یہ میرے ساتھ بڑا مذاق ہے لیکن جب فلم کے ہدایتکار نے کال کی تو یقین آیا یہ کہ مذاق نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے۔ اداکارہ نے پاک بھارت کشیدگی جلد ختم ہونے کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے کہا امید ہے کہ امن کی فضا دونوں ہی ممالک میں جلد قائم ہوگی۔ صبا قمر کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان بہترین اداکارہ ہیں جس کا فیصلہ بھارتی میڈیا نے بھی کیا کہ وہ مجھ سے بھی بہتر اداکارہ ہیں۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: صبا قمر اب قندیل بلوچ کے روپ میں

اداکارہ نے مزید کہا بہت سارے لوگوں کوایسا لگتا ہے کہ میں نے بھارت میں بہت مشکل سے وقت گزارا جب کہ ایسا کچھ نہیں، میرے بھارت میں بہت زیادہ نخرے اٹھائے گئے ہیں، مجھے بہترین انداز میں فائیو اسٹارز ہوٹل میں رکھا گیا جب کہ مجھ سے میری پسند کے کھانوں اور دیگر چیزوں کے بارے میں پوچھا گیا، اس لیے مجھے بھارت کبھی بھی اجنبی ملک نہیں لگا جہاں مجھے شوٹنگ پر اسپاٹ بوائے سے لے کر ہر کسی نے عزت دی۔

صبا قمر کا کہنا تھا کہ مجھے بھارت میں کبھی بھی ڈر نہیں لگا اوراگر میری موت بھارت میں ہی لکھی ہے تو وہ بھارت میں ہی آئے  گی، مجھے بھارت میں ساتویں آسامن پر بٹھایا اس لیے میں پھر سے بھارت جاؤں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔