ایئرپورٹ پرانسداد پولیو خوراک کے کاؤنٹر قائم کرنیکی ہدایت

وزیراعظم کی معاون خصوصی شہنازوزیرکاڈی جی سول ایوی ایشن کے نام مکتوب۔


Staff Reporter January 23, 2013
وزیراعظم کی معاون خصوصی شہنازوزیرکاڈی جی سول ایوی ایشن کے نام مکتوب۔ فوٹو: فائل

حکومت نے ملک کے تمام ائیرپورٹس کے بیرون ملک لاؤنج میں انسداد پولیو وائرس کاؤنٹر قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان سے بیرون ممالک جانیوالے5 سال تک کے بچوںکو انسداد پولیو وائرس سے بچاؤکی حفاظتی خوراک پلائے بغیر سفرکی اجازت نہ دی جائے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی شہناز بیگم وزیرعلی نے منگل کواپنے لکھے جانے والے مکتوب نمبر PM.Polio cell7.2 میں ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن ائیرمارشل(ر)خالدچوہدری سے کہا ہے کہ وہ کراچی سمیت دیگر بین الاقوامی ائیرپورٹس کے بیرون ممالک لاؤنج میں فوری طور پر انسدادپولیو کی خوراک پلانے کیلیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں اور بیرون ممالک جانے والے پانچ سال عمر تک کے بچوںکو ہر صورت میں پولیو وائرس سے بچاؤکی حفاظتی خوراک پلائی جائے۔

شہناز وزیرعلی کے اس مکتوب کی کا پیاں صوبائی سیکریٹریز صحت کو بھی بھیجی گئی ہیں ، واضح رہے کہ یہ فیصلہ پاکستان سے مصرکے شہر میں منتقل ہونے والے پولیووائرس کی تصدیق کے بعدکیا گیا ، پاکستان میں گزشتہ 16 سال سے پولیو مہم چلائی جارہی ہے ،جبکہ عالمی ادارہ صحت پاکستان کو متعدد بارہدف حاصل کرنے سے متعلق ہدایات دے چکا ہے۔