وزیر صنعت وپیداوار نے رمضان پیکیج کے آغاز کا اعلان کردیا

خصوصی رپورٹر  منگل 23 مئ 2017
2400 سے زائد اشیا پہلے ہی 5 سے10 فیصدکم قیمت پردی جا رہی ہیں، غلام مرتضیٰ جتوئی۔ فوٹو : فائل

2400 سے زائد اشیا پہلے ہی 5 سے10 فیصدکم قیمت پردی جا رہی ہیں، غلام مرتضیٰ جتوئی۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مر تضیٰ جتوئی نے رمضان ریلیف پیکیج کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو دشواری اور مہنگائی سے بچانے کے لیے ماہ رمضان میں سہولتیں پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت نے اس سال بھی ماہ رمضان کے دوران عوام کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے 19اشیا پر1 ارب60کروڑ روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر صنعت وپیداوار نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو اشیائے خوردونوش رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی، جن19 اشیا پر سبسڈی دی گئی ہے۔ ان میں چینی، آٹا،، دال چنا، سفید چنے، بیسن، کجھور، چائے، مختلف قسم کے چاول، دالیں، ٹیٹرا پیک دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات شامل ہیں، اس کے علاوہ 2400سے زائد اشیا پر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن پہلے ہی عوام کو 5 سے10 فیصد تک خصوصی ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یوایس سی) بھی موجود تھے۔

غلام مرتضیٰ نے کہا کہ اس اقدام سے عوام کو ضروریات زندگی کی اشیا مزید کم نرخوں پر دستیاب ہوں گی، گزشتہ روز 22 مئی سے اس پیکج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جو چاند رات تک جاری رہے گا تاہم پیکیج کو مانیٹر کرنے کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز نے مختلف ویجیلنس اور آڈٹ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ہیڈ آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔