کراچی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار اور ایکسائز پولیس کا کورٹ محرر جاں بحق

رینجرز اہلکارو ں کو اورنگی بخاری کالونی میں ہوٹل پر فائرنگ کرکے...


Staff Reporter August 01, 2012
رینجرز اہلکاروںکو اورنگی بخاری کالونی میں ہوٹل پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا،عید گاہ کے علاقے میں فائرنگ سے متحدہ کا کارکن زخمی۔ فائل فوٹو

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں رینجرز کے2 اہلکاروں سمیت3 افراد جاں بحق جبکہ متحدہ کا کارکن شدید زخمی ہوگیا ، ۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے بخاری کالونی نیوکوئٹہ سیف اﷲ ہوٹل پر دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ سے رینجرز سندھ کے سب انسپکٹر35سالہ محمد بہار خان اور حوالدار45 سالہ عبداﷲ جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ کئی افراد نے زمین پر لیٹ کر اپنی جان بچائی ، دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا ، ایس پی اورنگی ٹاؤن ملک ظفر اقبال نے بتایا کہ دونوں اہلکار رینجرز کے انٹیلی جنس فیلڈ سیکیورٹی ونگ میں تعینات تھے اور وہ ہوٹل پر چائے پی رہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزمان کی تعداد2 بتائی جاتی ہے جو کہ واردات کے بعد پیدل ہی فرار ہوئے ہیں ، پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے10سے زائد خول ملے ہیں جنھیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے ، واقعے کے بعد علاقے میں دکانیں وکاروبار بند ہوگیا ، پولیس اور رینجرز کی نفری نے موقع پر پہنچ کر پورے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا جبکہ مزید نفری کو طلب کرلیاگیا ، جمشید کوارٹرز کے علاقے گرومندر کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے کار میں سوار ایکسائز پولیس کے اہلکار40 سالہ امین بلوچ ولد عبدالکریم بلوچ کو سر پرگولی مار کر ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے تاخیر سے پہنچنے پر مقتول کی لاش گاڑی میں ہی پڑی رہی، بعدازاں لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی ، پولیس کاکہنا ہے کہ مقتول ایکسائز پولیس میں کورٹ محرر اور گلشن اقبال بلاک13-D/2 ریلوے کالونی کا رہائشی تھا ، پولیس واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے رہی ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ، عیدگاہ کے علاقے چاند بی بی روڈ گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ نور محمد بنگالی عرف نورا ولد طیب علی گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کیلیے سول اسپتال لیجایا گیا۔

بعدازاں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ نور محمد کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹر اس کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، مضروب متحدہ قومی موومنٹ لیاری سیکٹر کے یونٹ29 کا سرگرم کارکن ہے ، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ شارع فیصل کے علاقے جوہر موڑکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے افراد25 سالہ نوید اور26 سالہ مزمل زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس اور اشتعال پھیل گیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پاکر گشت میں اضافہ کر دیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے