شاہ رخ خان شوٹنگ کے دوران حادثے سے بال بال بچ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 31 مئ 2017
خوش قسمتی سے شاہ رخ خان حادثے میں محفوظ رہے:فائل فوٹو

خوش قسمتی سے شاہ رخ خان حادثے میں محفوظ رہے:فائل فوٹو

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثے میں بال بال بچ گئے۔

شاہ رخ خان ان دنوں آنند لال رائے کی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں وہ فلم سٹی کے سیٹ پر موجود تھے جہاں حادثاتی طور پر سیٹ کی چھت کا ایک بڑاحصہ گرگیا جس کی زد میں آکر ٹیم کے دو رکن زخمی ہوگئے لیکن خوش قسمتی سے اس میں شاہ رخ خان محفوظ رہے۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق شوٹنگ میں استعمال ہونے والی عارضی سیڑھی چھت سے ٹکرا گئی تھی جس کے باعث چھت کا ایک حصہ گر گیا ،شاہ رخ خان جائے حادثہ سے تھوڑی دور بیٹھے تھے اس لیے محفوظ رہے، زخمی ہونے والے دونوں ٹیم ممبرز کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم معمولی زخم آنے کے باعث انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

اس خبر کوبھی پڑھیں:شاہ رخ خان نے گوری سے 3 بار شادی کیوں کی؟

فلم کے سیٹ پر حادثہ ہونے کے بعد بھی ٹیم شوٹنگ جاری رکھنے کیلئے پُرجوش ہے، شاہ رخ خان کے حفاظتی انتظامات کو سخت کردیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔

اس خبر کوبھی پڑھیں: شبانہ اعظمی کی شاہ رخ خان کی بیٹی کے بارے میں اہم پیش گوئی

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جب شاہ رخ خان کی فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثات رونما ہوئے ہیں اس سے قبل 1993 میں فلم ڈر کی شوٹنگ کے دوران  بھی ایک حادثے کے باعث ان کی پسلیوں  اور بائیں گھٹنے پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔ فلم چنائے ایکسپریس  اور را ون کی شوٹنگ کرتے ہوئے بھی شاہ رخ زخمی ہوگئے تھے جس کے باعث انہیں گھٹنے اور  کندھے کی  سرجری کروانی پڑی تھی۔

خیال رہے کہ آنند لعل رائے کی فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کترینہ کیف اور انوشکا شرما مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی ،تاہم فلم کے نام کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔