توہین عدالت کیس؛ الیکشن کمیشن نے عمران خان کا جواب مسترد کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 31 مئ 2017
نظرثانی درخواست میں جو الفاظ لکھے گئے تھے وہ کبھی ختم نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

نظرثانی درخواست میں جو الفاظ لکھے گئے تھے وہ کبھی ختم نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا جواب مسترد کرتے ہوئے انہیں ترمیمی جواب جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے۔

چیف الیکشن کمیشن کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری سے مکالمہ کے دوران کہا کہ آپ ذرا اپنا جواب دیکھیں۔ نظر ثانی کی درخواست تو واپس لے لی گئی تھی مگر عمران خان نے معافی نہیں مانگی۔ جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ توہین عدالت کیس کا معاملہ غلط فہمی پر مبنی ہے اس لیے اسے درگزر کیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج تک جس نے بھی معذرت کی ہم نے اسے تسلیم کیا، نظرثانی درخواست میں جو الفاظ لکھے گئے تھے وہ کبھی ختم نہیں ہوسکتے ، معاملے پر الیکشن کمیشن اپنا فیصلہ سنائے گا۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی، عمران خان پہلے والے بیان میں ترمیم کر کے جواب 7 جون تک جمع کرا سکیں گے۔

دوسری جانب پارٹی فنڈنگ کیس میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو بھی ریکارڈ مانگا ہے ہم نے دیا ہے، پارٹی فنڈنگ پر سپریم کورٹ جو فیصلہ کرنے جا رہی ہے وہ بہت اہم ہوگا، ہم کچھ وقت دے کر تحریک انصاف سے فنڈنگ کا ریکارڈ دوبارہ مانگ لیتے ہیں، الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔