جیکسن پولیس نے بھتہ مافیا کاکارندہ گرفتارکرلیا اسلحہ برآمد

ملزم تاجروں کو موبائل فون پر رابطہ کر کے بھتہ طلب کرتا تھا، مزید تحقیقات جاری


Staff Reporter January 29, 2013
فیاض خان نے بتایا کہ ملزم جرائم پیشہ گروہ سے تعلق رکھتا ہے اور تاجر برادری کو بذریعہ موبائل فون رابطہ کر کے بھتہ طلب کرتا تھا۔ فوٹو: فائل

سی آئی ڈی سول لائن پولیس نے بھتہ مافیا گروہ سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

جبکہ سرسید ٹائون پولیس نے4ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی سول لائن آپریشن فیاض خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے ویسٹ ہارف روڈ کے پی ٹی گیٹ کے قریب مقابلے کے بعد ایک ملزم نور محمد عرف نورا کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد کرلیا ۔

فیاض خان نے بتایا کہ ملزم جرائم پیشہ گروہ سے تعلق رکھتا ہے اور تاجر برادری کو بذریعہ موبائل فون رابطہ کر کے بھتہ طلب کرتا تھا اور نہ دینے پر انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا ، انھوں نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ تاجر آصف کو فون کر کے ایک لاکھ روپے بھتے کی ڈیمانڈ کی تھی۔



جس پر رقم کم کرنے کو کہا گیا تو ملزم نے اسے جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے اس سے 5 لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا ، فیاض خان کا کہنا ہے کہ ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سیاسی جماعت سے تعلق ظاہر کر کے بھی بھتہ وصول کر چکا ہے ، سرسید ٹاؤن پولیس نے سیکٹر 7-D/1 محمد شاہ قبرستان میں چھاپہ مار کر اسٹریٹ کرائم میں ملوث 4 ملزمان بابر ، ارشد ، عالم اور ایڈون کو گرفتار کر کے 4 ٹی ٹی پستول ، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کرلیا ،علاوہ ازیں ویسٹ زون پولیس نے مفرور ملزم سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔