پی ایس او کاریلویز کے ساتھ فیول سپلائی ایگریمنٹ طے

کمپنی 5 سال تک ہائی اسپیڈ ڈیزل،فرنس آئل، لبریکنٹس اور گریسز فراہم کرے گی


Business Reporter June 14, 2017
کم قیمت مصنوعات کی فراہمی ممکن ہوگی،سعدرفیق/شاہدخاقان،تقریب سے خطاب فوٹو؛ فائل

SUKKUR: پی ایس او نے پاکستان ریلویز کے ساتھ اپنی کاروباری شراکت کو مزید مستحکم کرتے ہوئے ایندھن کی فراہمی کے لیے فیول سپلائی ایگری منٹ طے کر لیا ہے، پی ایس او نے پاکستان ریلویز کا یہ کنٹریکٹ ٹینڈر جیت کر حاصل کیا ہے جس کے تحت پی ایس او پاکستان ریلویز کو 5 سال تک ہائی اسپیڈ ڈیزل(ایچ ایس ڈی)، فرنس آئل( ایف او) سمیت لبریکنٹس اور گریسز فراہم کرے گی۔

پی ایس او کے جنرل منیجر لبریکنٹس اینڈ کیمیکلز قاسم ظہیر اور پاکستان ریلویز کے چیف کنٹرولر آف پرچیز سید میر بادشاہ نے ایگریمنٹ پر دستخط کیے، تقریب میں پی ایس او کے منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق، وفاقی وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی علاوہ دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیداراں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز مستقل طور پر ملکی اور بین الاقوامی سپلائرز کے ساتھ طویل مدتی معاہدوں کے ذریعے اپنے سسٹمز کو بہتر بنانے میں کوشاں ہے، اس معاہدے سے نہ صرف کم قیمت پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی ممکن ہو گی بلکہ توانائی اور وسائل کی بھی بچت ہوگی ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس معاہدے سے دونوں قومی اداروں کو ملکی ترقی کے عمل میں اپنا کردار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ہم اس معاہدے کے اہداف کے جلد از جلد حصول کے لیے انتہائی پر جوش ہیں۔ پی ایس او نے پاکستان ریلویز کے لیے اعلیٰ کوالٹی کا ایندھن، لبریکنٹس اور گریسز انتہائی مناسب پیکیج کے تحت آفر کیے ہیں جو ملک بھر میں پاکستان ریلویز کے تمام مقامات پر انجن اور مشینری میں استعمال کیے جائیں گے، پی ایس او کے فراہم کردہ ایندھن کے اعلیٰ معیار سے پاکستان ریلویزکے انجنز کی کارکردگی کو یقینی طور پر بہتر بنانے میں مدد ملے گی جن میں حال ہی میں خریدے گئے اعلیٰ کارکردگی کے حامل لوکوموٹیوز بھی شامل ہیں۔ پی ایس او کے منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق نے کہاکہ اس معاہدے کے تحت پی ایس او نہ صرف پاکستان ریلویز کو اعلیٰ معیار اور مکمل مقدار کا حامل ایندھن فراہم کرے گا بلکہ پاکستان ریلویز کی ایندھن اور لبریکنٹس کی تمام تر ضرورت پوری کرنے کیلیے باسہولت ون ونڈو سلوشن بھی مہیا کیا جائے گا۔

مقبول خبریں