خسرہ کے 160کیسز سامنے آئے وزیرصحت کو بریفنگ

18 ٹائونز میں جنوری 2013 میں اب تک850256 بچوں کو خسرہ سے بچائو کے لیے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں.


Staff Reporter January 31, 2013
18 ٹائونز میں جنوری 2013 میں اب تک850256 بچوں کو خسرہ سے بچائو کے لیے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد کی سربراہی میں کراچی کے تمام ٹائونز کے ٹائون ہیلتھ افسران کا انسداد خسرہ مہم کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔

اجلاس میں کراچی میں جاری انسداد خسرہ مہم کے حوالے سے کی جانے والی ویکسی نیشن مہم اور مرض کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی کے 18 ٹائونز میں جنوری 2013 میں اب تک850256 بچوں کو خسرہ سے بچائو کے لیے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں جبکہ خسرہ کے 160 کیسز سامنے آئے ہیں اور 132 کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔

اجلاس میں تمام ٹائونز میں ''روٹین ایمونائزیشن'' کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی صوبائی وزیر صحت نے ہدایات جاری کیں کہ روٹین ایمونائزیشن کی صورتحال میں بہتری لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور خسرہ سے متاثرہ ہر بچے کو وٹامن اے کے قطرے لازمی پلائے جائیں۔

انھوں نے ٹائون ہیلتھ افسران کو ہدایت کی وہ علاقوں میں جاکر صورتحال کی نگرانی کریں اورجس علاقہ سے بھی خسرہ کے حوالے سے کوئی مریض سامنے آئے اس علاقہ کے اطراف میں فوری طور پر ٹیموں کے ذریعے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں اور تمام ای پی آئی سینٹرز پر بھی جاری مہم کی مکمل نگرانی کی جائے، انھوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ٹائون میں انتظامیہ کی جانب سے غفلت سامنے آئے تو وہاں کے ٹائون ہیلتھ آفیسر کو فوری طور پر معطل کردیاجائے گا۔