فہیم طویل عرصے تک ملک کی نمائندگی کے خواہشمند

دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش ہے، آل راؤنڈر


Sports Desk June 17, 2017
دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش ہے، آل راؤنڈر۔ فوٹو: ٹوئٹر

فہیم اشرف نے طویل عرصے تک ملکی نمائندگی کی خواہش ظاہرکردی۔

فہیم اشرف نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی طرف سے کھیلنا دیرینہ خواہش کی تکمیل ہے، میں جب دیگرکرکٹرز کو کھیلتا دیکھتا تو دل میں یہی خواہش ہوتی تھی کہ پاکستان کی نمائندگی کروں، اللہ نے خواہش پوری کر دی لیکن یہ ابھی ابتدا ہے، میں طویل عرصے تک ملک کی طرف سے کھیلنا چاہتا ہوں۔

فہیم کو سری لنکا کیخلاف رن آؤٹ ہونے کا بھی افسوس ہے، انھوں نے کہا کہ جس قسم کی صورتحال تھی میں اس میں یہی سوچ رہا تھا کہ ایک اچھی پارٹنرشپ ہمیں میچ جتوا دے گی، میں اعتماد سے کھیل رہا تھا، جب 1،2 اچھے شاٹس لگ جائیں تو دباؤ دور ہو جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگیا جس کا بہت افسوس رہے گا، البتہ خوشی اس بات کی تھی کہ ہم میچ جیت گئے۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ میں انڈر 19 کرکٹ کے دور تک بہترین بیٹسمین رہا، اپنے پہلے ہی فرسٹ کلاس میچ میں سنچری بنائی تھی، اس سال ڈپارٹمنٹل ون ڈے کپ میں حبیب بینک کی طرف سے سب سے زیادہ 19 وکٹیں حاصل کیں،دراصل میری کوشش ہوتی ہے کہ دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

فہیم اشرف کا تعلق قصور سے ہے جہاں انھوں نے انڈر 19 کے بعد پھر فیصل آباد ریجن کی طرف سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی، ڈپارٹمنٹل کرکٹ میں وہ حبیب بینک کی نمائندگی کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ کلب کے شکیل شاہ نے میری ہر ممکن حوصلہ افزائی کی، میری کرکٹ میں انڈر19کوچ تنویر شوکت کا کردار بھی بہت اہم رہا ہے۔

یاد رہے کہ 23 سالہ آل راؤنڈر سری لنکا کے خلاف 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے، انھوں نے دنیش چندیمل کو صفر پر بولڈ بھی کیا،پھر جب پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی تو سرفرازاحمد اور محمد عامر کی میچ وننگ شراکت سے پہلے حریف بولنگ کو فہیم اشرف کے ایک چھکے اور چوکے نے پریشان کر دیا تھا۔ فہیم نے اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کیخلاف صرف 30 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنزکی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی تھی۔

مقبول خبریں