کراچی فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد ہلاک 3 زخمی

عزیز آباد میں ڈاکٹر قتل،ناظم آباد میں جماعت اسلامی کے رہنما کی گاڑی پر فائرنگ، داماد زخمی


Staff Reporter February 03, 2013
عزیز آباد میں ڈاکٹر قتل،ناظم آباد میں جماعت اسلامی کے رہنما کی گاڑی پر فائرنگ، داماد زخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 6افرادہلاک اور 3زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے فقیراگوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی دکان پرفائرنگ سے30سالہ عبدالعلیم ، 35سالہ وحیدشاہانی اور20سالہ فیض محمدزخمی ہوگئے جنھیں اسپتال پہنچایاگیاجہاں عبد العلیم اوروحید شاہانی ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق مقتول عبدالعلیم علاقے میں کیبل کاکام کرتاتھاجبکہ یوسف اس کا مہمان تھا۔ناظم آبادنمبر3کے علاقے گول مارکیٹ کے قریب اسٹارریزیڈنسی اسٹیٹ ایجنسی پرفائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ30سالہ طاہرخان ہلاک ہوگیا۔

پولیس واقع کولوٹ مارکے دوران مزاحمت کاواقعہ قراردے رہی ہے جبکہ ذرائع کاکہناہے کہ واقعہ بھاری بھتہ نہ دینے کانتیجہ ہے۔نارتھ ناظم آبادبلاک جے فاروق آعظم مسجدکے قریب فائرنگ سے40 سالہ عباس علی ہلاک ہوگیا۔مقتول حیدری میں واقع بھیانی ہائٹس کارہائشی اورواٹربورڈکاملازم تھا۔پاک کالونی کے علاقے میوہ شاہ قبرستان کے ایم سی ورکشاپ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت35سالہ شاہدبلوچ کے نام سے ہوئی،مقتول لیاری کے علاقے نوالین کا رہائشی تھا،اسے اغواکے بہیمانہ تشدد کانشانہ بنانے کے بعدسرپروزنی چیزمار کرہلاک کیاگیاتھا،مقتول کی4 سال قبل شادی ہوئی تھی اوراس کی کوئی اولادنہیں ہے،وہ سائٹ کے علاقے میں فیکٹری میں ملازمت کرتاتھا۔

11

ناظم آبادنمبر7اے اوکلینک کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان نے جماعت اسلامی کے رہنمامظفرحسین ہاشمی کی کارپرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کا دامادمحمدحسین زخمی ہوگیا،مظفر حسین ہاشمی محفوظ رہے،پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کانتیجہ ہے۔پی آئی بی کالونی تھانے کی حدودیونیورسٹی روڈپرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ سہیل بلوچ وزخمی ہوگیا۔

عزیز آباد تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک3 صدیق آباد میں نامعلوم ملزمان کی کلینک پر اندھا دھند فائرنگ سے 60 سالہ ڈاکٹر محمد اسماعیل سوریا ولد محمد یوسف سوریا2 گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا مقتول گلستان جوہر کا رہائشی تھا ۔